وزیراعظم کا کشمیر پر قوم سے خطاب
نئی دہلی ۔8اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کو منسوخ کردینے اپنی حکومت کے فیصلہ کا آج پُرزور دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس دفعہ سے اس کے سوائے کچھ نہیں ہوا کہ ریاست میں علحدگی پسندی ، کرپشن اور خاندانی حکمرانی کا دور دورہ ہوگیا اور پاکستان نے اسے دہشت گردی پھیلانے کے آلہ کار کے طور پر استعمال کیا ۔ ٹیلی ویژن پر قوم سے اپنے خطاب میں مودی نے اس آرٹیکل کی تنسیخ کے اپنی حکومت کے فیصلہ کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ جموں ، کشمیر اور لداخ میں نیا دور شروع ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شیاما پرساد مکرجی ، اٹل بہاری واجپائی ، سردار ولبھ بھائی پٹیل اور کروڑوں ہندوستانیوں کے خواب کی اب تکمیل ہوگئی ہے ۔ یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ کوئی بھی یہ حق بنجانب ثابت کرنے میں کامیاب نہیں ہوا کہ آرٹیکل 370اور آرٹیکل 35A سے ریاست کے عوام کو فائدہ ہوا ہے ، وزیراعظم نے کہا کہ ان گنجائشوں نے علحدگی پسندی ، بدعنوانی ، عسکریت پسندی اور خاندانی حکمرانی کے سوائے کچھ نہیں دیا ۔ پاکستان جس نے ہندوستان کے اقدام کو یکطرفہ اور غیرقانونی قرار دیتے ہوئے سفارتی روابط کا درجہ گھٹا کر پُرزور احتجاج کیا ہے ، اُس پر شدید تنقید میں مودی نے کہا کہ پاکستان نے آرٹیکل 370کو دہشت گردی پھیلانے کے لئے استعمال کیا ہے ۔ گذشتہ تین دہوں میں زائد از 42ہزار افراد نے اپنی جان گنوائی ۔ ہم جموں و کشمیر کو نئے اقدامات کے تحت دہشت گردی اور علحدی پسندی سے چھٹکارہ دلائیں گے ۔ مودی نے یہ بھی کہا کہ جموں و کشمیر کے زائد از 1.5کروڑ افراد ان فوائد سے محروم ہورہے ہیں جو سارے ملک کیلئے ہوتے ہیں ۔ جموں وکشمیر کیلئے اپنی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تمام خالی جائیدادیں پُر کی جائیں گی ۔