آرٹیکل 370 وضع کرنا ہی بڑی غلطی تھی : ہندوستانی وکیل

,

   

لندن ۔ 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سینئر ہندوستانی وکیل ہریش سالوے نے حکومت ہند کی جانب سے 5 اگست کو جموں و کشمیر کو خصوصی موقف دینے والے آرٹیکل 370 کی منسوخی کو حکومت کے صحیح فیصلہ سے تعبیر کیا۔ دوسری طرف حکومت ہند کے فیصلہ کے خلاف پاکستان کے ردعمل کو بھی انہوں ’’ذہنی دیوالیہ پن‘‘ قرار دیا کیونکہ کشمیر بہرحال ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے۔ یاد رہیکہ حکومت ہند کے اس اقدام سے ہندوپاک کے درمیان تعلقات میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔ پاکستان ہندوستان کے ساتھ اپنے اس معاملہ کو اب بین الاقوامی فورم میں اٹھا رہا ہے جبکہ ہندوستان نے واضح طور پر کہہ دیا ہیکہ یہ اس کا داخلی معاملہ ہے۔ سالوے نے کہا کہ آرٹیکل 370 وضع کرنا ہی خودا پنے آپ میں بڑی غلطی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی مقبوضہ کشمیر بھی ہندوستان کا ہے۔ اگر اس وقت کوئی متنازعہ سرحد ہے تو وہ صرف اور صرف پاکستانی مقبوضہ کشمیر ہے۔ نہ صرف ہندوستان کا آئین بلکہ کشمیر کا آئین بھی خود یہ کہتا ہیکہ کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے۔ لہٰذا یہ کہا جاسکتا ہیکہ کشمیر ہمیشہ سے ہی ہندوستان کا اٹوٹ حصہ رہا ہے۔ چند مٹھی بھر پاکستانی ہیں جو اس کے برعکس سوچتے ہیں۔