واشنگٹن ۔6 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے ایک مسلم گروپ نے اعلان کیا ہے کہ حکومت ہند کی جانب سے جموں و کشمیر کے خصوصی موقف آرٹیکل 370کو منسوخ کئے جانے کے خلاف ہندوستانی سفارتخانہ کی عمارت کے روبرو منگل کو احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا ۔ یاد رہے کہ پیر کے روز حکومت ہند نے جموںو کشمیر کو حاصل خصوصی رعایت والا آرٹیکل 370 برخاست کردیا اور تجویز پیش کی تھی کہ ریاست کو دو مرکزی زیرانتظام علاقوں جموں و کشمیر اور لداخ میں تبدیل کردیا جائے ۔ مذکورہ مسلم گروپ کا نام ساؤنڈ ویژن ہے جس کاد عوی ہے کہ وہ شمالی امریکہ کی پہلی مسلم میڈیا آرگنائزیشن ہے ، نے یہ بھی کہا کہ نیویارک اور شکاگو میں واقع ہندوستانی سفارتخانوں کی عمارتوں کے روبرو بھی احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے ۔ 28 سال پرانے اس گروپ نے اپنے صحافیوں کو پیغام دیتے ہوئے منگل کے روز ہندوستانی سفارتخانہ کے روبرو احتجاجی مظاہرہ میں شرکت کی دعوت دی اور یہ بھی کہا کہ تمام لوگ انپے پورے ارکان خاندان اور دوست و احباب کے ساتھ احتجاج میں شرکت کریں تاکہ حکومت ہند کو یہ احساس دلایا جائے کہ دُنیا کی نظریں اس وقت ہندوستان پر ہیں اور ہم کشمیری عوام کے ساتھ ہیں۔
