’آرٹیکل 370 کی منسوخی کو ایک ہفتہ قبل ہی بھانپ لیا تھا ‘

   

Ferty9 Clinic

اسلام آباد ۔6 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ ہفتہ اقوام متحدہ کو ایک مکتوب تحریر کیا تھا جہاں انھوں نے اس خدشہ کا اظہار کیا تھاکہ ہندوستان جموں و کشمیر کو حاصل خصوصی موقف کو منسوخ کرنے کی تیاریاں کررہا ہے ۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے یکم اگست کو قریشی کے مکتوب کا متن سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس ، سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدور کو بھی جاری کیا تھا ۔ قریشی نے کشمیر میں انسانی حقوق کے انتہائی ناقص معیار کا بھی تذکرہ کیا تھا ۔ انھوں نے اس کے علاوہ لائن آف کنٹرول میں جنگ بندی کی خلاف ورزی اور ہندوستان کی جانب سے کشمیر کے خصوصی موقف کو ختم کئے جانے کے ارادے سے بھی اُنھیں واقف کروایا تھا ۔انھوں نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ سے ہی جموںو کشمیر کی موجودہ صورتحال میں کسی بھی امکانی تبدیلی کی ہمیشہ سے مخالفت کی ہے ۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کے ’’حقائق معلوم کرنے والے مشن ‘‘ کو کشمیر کے دورہ کی اجازت دی جانی چاہئے تاکہ وہ کشمیر پہنچ کر وہاں کے زمینی حقائق معلوم کرسکے ۔ انھوں نے ایک بار پھر اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کے سنگین حالات کا فوری طورپر سخت نوٹ لے ۔