لکھنو: سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے دہلی کے چیف منسٹر اروند کیجریوال کو قومی دارالحکومت میں انتظامی خدمات پرکنٹرول سے متعلق مرکز کے آرڈیننس کے خلاف مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔ اروند کیجریوال، پنجاب کے چیف منسٹر بھگونت مان، دہلی کے وزیر آتشی اور آپ کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کے ساتھ، چہارشنبہ کی شام لکھنؤ میں اکھلیش یادو سے ان کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ملاقات کی ۔ بعد میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ اگر غیر بی جے پی پارٹیاں ہاتھ ملاتی ہیں تو وہ راجیہ سبھا میں متنازعہ آرڈیننس کو شکست دے سکتی ہیں جہاں تعداد میں ان کا ہاتھ ہے۔
مصر ۔ امارات ونڈ پاور پراجکٹ
دوحہ: مصر نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ دنیا کے سب سے بڑے 10 ارب ڈالر کے ونڈ پاور پروجیکٹوں میں سے ایک کی تیاری کیلئے ایک معاہدہ پر دستخط کیے ہیں۔10 گیگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا پراجکٹ اماراتی قابل تجدید توانائی کمپنی مصدر تیار کرے گا۔ اور اس میں مصر کی انفینٹی پاور اور حسن عالم یوٹیلٹیز بھی شامل ہوں گی۔ دنیا کا سب سے بڑا ونڈ فارم وسطی مصر میں سوہاگ شہر کے قریب واقع ہوگا۔ منصوبے سے بجلی کی پیداوار چار سال کے اندر شروع ہونے کی امید ہے ۔
مصر کے شہر شرم الشیخ میں گزشتہ اقوام متحدہ کی آب و ہوا کی تبدیلی کانفرنس سی او پی27 کے دوران مشترکہ ہوا سے بجلی تیار کرنے کے پروجیکٹ پر ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے تھے ۔