آریت کپل گرینڈ ماسٹر کو شکست دینے والے کم عمر ہندوستانی

   

بھونیشور: دہلی سے تعلق رکھنے والے 9 سالہآریت کپل یہاں KIIT انٹرنیشنل اوپن ٹورنامنٹ کے نویں اور آخری راؤنڈ میں امریکہ کے رسیٹ زیاتدینوف کو شکست دے کر شطرنج کے گرینڈ ماسٹر کو شکست دینے والے سب سے کم عمر ہندوستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔کپل نے یہ کارنامہ نو سال، دو ماہ اور 18 دن کی عمر میں انجام دیا۔. وہ کلاسیکل ٹائم کنٹرول میں گرینڈ ماسٹر کو شکست دینے والے دنیا کے سب سے کم عمر ہندوستانی اور تیسرے کھلاڑی ہیں۔ عالمی سطح پر یہ اعزاز سنگاپور کے ہندوستانی نژاد اشوتھ کوشک کو حاصل ہے۔ انہوں نے یہ کارنامہ اس سال کے شروع میں پولینڈ کے جیسیک اسٹوپا کے خلاف جیت درج کرکے حاصل کیا۔ تب اس کی عمر صرف آٹھ سال اور چھ ماہ تھی۔ زیاتدینوف 66 سال کے ہیں اور یقینی طور پر اپنے عروج پر نہیں ہیں لیکن انہوں نے کپل کو سفید مہروں کے ساتھ کھیلنے کا سخت چیلنج دیا۔ ہندوستانی کھلاڑی نے ان کی ہر چال کا اچھا جواب دیا اور 63 چالوں میں گیم جیت کر ہندوستانی شطرنج کی تاریخ میں ایک نیا باب شامل کیا۔