ممبئی : نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے آج سنسنی خیز دعویٰ میں الزام عائد کیا ہیکہ بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان اور دیگر محروسین بادی النظر میں ایسی ممنوعہ اشیاء کے حصول، منتقلی اور تقسیم میں ملوث ہوئے ہیں جن پر این ڈی ٹی ایس ایکٹ کے تحت امتناع عائد ہے۔ ایجنسی نے آرین پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ وہ بیرون ملک بعض اشخاص کے ساتھ ربط میں ہے جو غیرقانونی انٹرنیشنل ڈرگ سنڈیکیٹ کا حصہ ہوسکتے ہیں۔ ایجنسی نے کہا کہ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ بیرونی ایجنسی سے آرین کے رابطوں کا ثبوت حاصل کیا جاسکے۔ این سی بی کا بیان آرین خان، ارباز مرچنٹ، شریاس نائر و دیگر کی ضمانت کیلئے پیش کردہ درخواستوں پر سماعت کے دوران سامنے آیا۔ خصوصی این ڈی ٹی ایس جج وی وی پاٹل نے سماعت منعقد کی ۔ چونکہ دلائل غیرمختتم رہے ، اس لئے یہ معاملہ جمعرات پر ڈال دیا گیا۔ آرین اور 7 دیگر 2 اکٹوبر سے تحویل میں ہے۔