آر ایس ایس ریزرویشن کی مخالفت ترک کردے: مایاوتی

   

لکھنو ، 19 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سربراہ بی ایس پی مایاوتی نے آج آر ایس ایس سے ’’مخالف ریزرویشن ذہنیت‘‘ کو ترک کردینے کی اپیل کے ساتھ کہا کہ تحفظات دستوری گنجائش ہے اور اس کو چھیڑنا انصاف نہیں ہوگا۔ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھگوت نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ریزرویشن کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان ہم آہنگ ماحول میں مذاکرات ہونے چاہئیں۔ مایاوتی نے کہا کہ اس طرح کے مباحث شکوک و شبہات کا خطرناک ماحول پیدا کردیں گے جس کی ضرورت نہیں ہے۔ سابق چیف منسٹر اترپردیش نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ آر ایس ایس کا کہنا ہے، ایس سی؍ ایس ٹی؍ او بی سی کو دیئے گئے ریزرویشن کے تعلق سے کھلے دل کے ساتھ مباحث ہونے چاہئیں۔ اس سے خطرناک صورتحال پیدا ہونے کا اندیشہ ہے، جو ہرگز نہیں ہونا چاہئے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ انسانی بنیاد اور دستوری طور پر فراہم کردہ سہولت ہے، اور اس کو ختم کرنے کی کوشش ناانصافی اور نامناسب ہے۔ اگر سنگھ اپنی مخالف تحفظات ذہنیت کو ترک کردے تو بہتر رہے گا۔ بھگوت نے گزشتہ روز نئی دہلی میں کہا تھا کہ انھوں نے ریزرویشن کے موضوع پر پہلے بھی بات کی ہے، لیکن اس پر کافی شور مچا اور ساری باتیں حقیقی مسئلہ سے ہٹ گئیں۔ جو ریزرویشن کے حق میں ہیں، انھیں اس کے مخالفین کے مفادات کو ذہن میں رکھتے ہوئے لب کشائی کرنا چاہئے، اور اسی طرح اس کے مخالفین کو بھی ایسا ہی کرنا چاہئے۔