آر ایس ایس مذہبی یگانگت کے نام پر فرقہ وارانہ ماحول کو بگاڑنے کوشاں

,

   

رام مندر کے افتتاح کو دیگر مذاہب پر مسلط کرنے کا منصوبہ ۔ تمام غیر ہندوؤں کو مخصوص مذہبی نعرہ لگانے کا مشورہ
آر ایس ایس لیڈر اندریش کمار کی زہرافشانی

حیدرآباد ۔یکم جنوری (سیاست نیوز) ایودھیا میں رام مندر کے 22 جنوری کو افتتاح سے عین قبل آر ایس ایس نے ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ماحول کو متاثر کرنے کی کوشش کی ہے ۔ ملک بھر میں ہندوتوا نظریات کی تائید کرنے والے نام نہاد مسلم قائدین کو بی جے پی سے قریب کرنے کی کوششوں میں مصروف آر ایس ایس کے قائد اندریش کمار نے ایک متنازعہ بیان دیتے ہوئے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کی کوشش کی ہے ۔ آر ایس ایس قومی عاملہ کے رکن اندریش کمار نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ 22 جنوری کو ایودھیا میں رام مندر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر مساجد ، درگاہوں اور مدارس میں ’’سری رام، جئے رام ، جئے جئے رام‘‘ کا جاپ کرتے ہوئے ہندوؤں سے یگانگت کا اظہار کریں۔ اندریش کمار نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 99 فیصد مسلمان اور دیگر غیر ہندو طبقات کا تعلق ہندوستان سے ہے۔ وہ ہندوستان میں برقرار رہ سکتے ہیں کیونکہ ہم تمام کے آبا و اجداد ایک ہیں۔ انہوں نے اپنا مذہب تبدیل کیا ہے اور ہندوستان میں قیام پذیر ہیں۔ آر ایس ایس رہنما نے اسلام ، عیسائیت ، سکھ ازم اور دیگر عقائد کے ماننے والے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایودھیا میں رام مندر کی افتتاحی تقریب سے اظہار یگانگت کے طور پر اپنی اپنی عبادت گاہوں میں امن ، بھائی چارہ کیلئے دعاء کریں۔ اندریش کمار رام مندر راشٹر مندر ایک کامن ہیریٹیج کے موضوع پر کتاب کی رسم اجراء انجام دے رہے تھے۔ اندریش کمار جو آر ایس ایس سے جڑی تنظیم مسلم راشٹریہ منچ کے سرپرست اعلیٰ ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم تمام کے آباء و اجداد ایک ہیں۔ ہم تمام اس ملک سے تعلق رکھتے ہیں۔ ہمارا غیر ملکی افراد سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ درگاہوں ، مکتب ، مدرسہ اور مساجد میں 11 مرتبہ مخصوص مذہبی نعرہ لگائیں۔ انہوں نے گردوارہ ، چرچیس اور دیگر مذہبی مقامات کو 22 جنوری کے دن صبح 11 تا 2 بجے دن خوبصورتی سے سجانے اور دعائیہ اجتماعات منعقد کرنے کا مشورہ دیا ۔ ایودھیا میں رام مندر کی افتتاحی تقریب 11 تا 2 بجے دن کے درمیان منعقد ہوگی۔ انہوں نے تمام دیگر مذاہب کو مشورہ دیا کہ شام کے وقت اپنی عبادتگاہوں میں چراغ اور دیے روشن کریں اور امن یکجہتی اور باہمی بھائی چارہ کے لئے دعا کریں۔ آر ایس ایس رہنما نے نیشنل کانفرنس کے لیڈر فاروق عبداللہ کے بیان کا خیرمقدم کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ لاڈ رام صرف ہندوؤں کے نہیں ہیں بلکہ دنیا بھر میں ہر ایک کے ہیں۔ اندریش کمار نے کہا کہ فاروق عبداللہ صرف خیالات ظاہر کرنے کے بجائے اپنے مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو لاڈ رام کے بارے میں واقف کرائیں۔ اندریش کمار نے کہا کہ ہمیں اپوزیشن کے انڈیا لائنس کو بتانا چاہئے کہ رام ہر ایک کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مندر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے دعوت نامہ کی ضرورت نہیں ہے ۔ نئی دہلی میں منعقدہ تقریب سے گورنر کیرالا عارف محمد خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے گیان پرمپرا کے تحت ملک میں ایسے نظریات کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے جس میں میرا اور تمہارا کی بات کی جائے ۔ گورنر نے کہا کہ ایسے افراد جو وسیع القلب اور وسیع النظر ہوں، ان کیلئے ساری دنیا ایک خاندان کی طرح ہے۔ ہندوستان کے روایتی نظریات میں بھید بھاؤ اور نفرت کی گنجائش نہیں ہے۔ ہندوستان نے ہر کسی کو باہم متحد کرنے کا درس دیا ہے ۔ر