نئی دہلی 3 جولائی (یو این آئی) راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے پرانت پرچارکوں کی میٹنگ 4 تا 6 جولائی دہلی میں ہوگی، جس میں تنظیمی سطح پر بحث ومباحثہ کے ساتھ ساتھ سنگھ کے سبھی 46 پرانتوں کے کا موں کا جائزہ لیا جائے گا۔آر ایس ایس اکھل بھارتیہ پرچار پرمکھ سنیل آمبیکر نے آج یہاں کیشو کنج میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں اس میٹنگ سے متعلق معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اس اجلاس میں ملک بھر کے 233 کارکنان کی شرکت متوقع ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سنگھ کے تنظیمی ڈھانچے میں کل 11 علاقے اور 46 پرانت بنائے گئے ہیں۔ اجلاس میں تنظیمی سطح کی بحث کے علاوہ تمام 46 پرانتوں کے کام کاج کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں سرسنگھ چالک ڈاکٹر موہن بھاگوت اور جنرل سکریٹری دتاتریہ ہوسبالے سے بھی رہنمائی حاصل کی جائے گی۔ علاوہ ازیں جوائنٹ جنرل سکریٹری ڈاکٹر کرشنا گوپال، سی آر مکند، ارون کمار، رام دت، آلوک کمار، اتل لیمائے ، آل انڈیا ورکنگ ڈپارٹمنٹ کے سربراہان، جوائنٹ ہیڈ اور ایگزکٹیو ممبران شرکت کریں گے ۔
مسٹرآمبیکر نے مزید بتایا کہ سنگھ کا تربیتی کیمپ مکمل کرنے کے بعد جولائی میں سبھی جمع ہوتے ہیں۔ اب تک 100 کیمپ لگائے جا چکے ہیں۔ اس میں 40 سال سے کم عمر کے لوگوں کے لیے 75 کیمپ اور 40 سے 60 سال کی عمر کے لوگوں کے لیے 25 کیمپ لگائے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ شخصیتی نشوونما کے نقطہ نظر سے یہ کیمپ بڑی اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ میٹنگ میں سنگھ سے وابستہ 32 تنظیموں جیسے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) تنظیم سے وابستہ سکریٹری بھی شرکت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال سنگھ کے سو سال پورے ہورہے ہیں، اس لیے صد سالہ تقریبات کی منصوبہ بندی کے بارے میں بات چیت ہوگی۔ صد سالہ کے موقع پر بلاک، کالونی اورڈویژن کی سطح پر ہندو کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا اور سماج کے سبھی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔آر ایس ایس پرچار پرمکھ نے کہا کہ اس سال دسہرہ 2 اکتوبر کو ہے اور اس دن سنگھ کے 100 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر مہاراشٹر کے ناگپور میں صد سالہ تقریبات کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سنگھ کی صد سالہ تقریبات 2 اکتوبر سے شروع ہوں گی اور آئندہ سال 2026 تک وجے دشمی تک جاری رہیں گی۔دریں اثنائملک بھر کی ہر شاخ میں وجے دشمی کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے ۔ اس دوران گھرگھر رابطہ کا اہتمام کیا جائے گا۔ رضاکار گھر گھر جا کر لوگوں کو سنگھ کے مقاصد سے آگاہ کریں گے ۔