آر ایس ایس کے روٹ مارچ کے خلاف تمل ناڈو حکومت پہنچی سپریم کورٹ، عدالت عنقریب درخواست پر کرے گی سماعت

   

نئی دہلی: آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر آر ایس ایس 5 مارچ کو تمل ناڈو میں روٹ مارچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ سیکورٹی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے ریاستی حکومت نے 6 اضلاع میں مارچ نکالنے کی اجازت نہیں دی ہے۔ تاہم مدراس ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ نے مارچ کو اجازت دے دی تھی۔ تمل ناڈو حکومت اب ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ پہنچ گئی ہے۔ سپریم کورٹ نے ریاستی حکومت کی عرضی پر جلد سماعت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تمل ناڈو حکومت کی طرف سے پیش ہوئے مکل روہتگی نے عدالت کو بتایا کہ ریاستی حکومت 6 اضلاع میں مارچ کی اجازت نہیں دے سکتی۔ ریاستی حکومت نے اپنی عرضی میں کہا ہے کہ آر ایس ایس کے مارچ سے ریاست میں امن و امان کی صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔ریاستی حکومت نے ہائی کورٹ کے حکم پر روک لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ہائی کورٹ نے اجازت دیتے ہوئے کہا تھا کہ جمہوریت کی بہتری کے لیے احتجاج بھی ضروری ہے۔