آر ٹی سی انضمام بل کی منظوری میں گورنر سوندرا راجن کی رکاوٹ

,

   

Ferty9 Clinic

مسودہ بل پر قانونی رائے لینے کا فیصلہ، مانسون سیشن میں بل کی عدم منظوری سے حکومت کو الجھن
حیدرآباد ۔4۔ اگست (سیاست نیوز) آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرنے کے فیصلہ پر عمل آوری میں ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن پھر ایک مرتبہ رکاوٹ بن چکی ہیں۔ آر ٹی سی کو ضم کرتے ہوئے ملازمین کو سرکاری ملازمین کی طرح موقف دینے سے متعلق ریاستی کابینہ کے فیصلہ کے بعد حکومت نے مسودہ بل تیار کرکے راج بھون روانہ کیا۔ عام طور پر اہم فیصلوں سے متعلق بل کو اسمبلی میں پیش کرنے سے قبل گورنر کی منظوری لی جاتی ہے ۔ کے سی آر حکومت اسمبلی کے جاریہ مانسون سیشن میں بل پیش کرکے آر ٹی سی ملازمین اور ان کے افراد خاندان کی تائید حاصل کرنا چاہتی تھی لیکن گورنر نے نہ ہی بل کو منظوری دی اور نہ اس بارے میں اپنی رائے حکومت کو پیش کی ۔ اسمبلی اجلاس کے صرف دو دن باقی ہیں اور اتوار کو آخری دن رہے گا ، ایسے میں جاریہ اجلاس میں آر ٹی سی بل کی پیشکشی کے امکانات موہوم ہیں۔ معاشی امور سے متعلق بلز کی گورنر سے منظوری کی روایت ہے اور حکومت کو امید تھی کہ آر ٹی سی کے انضمام کے مسودہ کو گورنر فوری منظوری دیں گی اور جاریہ سیشن میں اسے قانون کی شکل دیدی جائے گی۔ اسی دوران راج بھون سے ایک میڈیا نوٹ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ آر ٹی سی کے انضمام سے متعلق بل پر دستخط کیلئے گورنر کو وقت چاہئے ۔ بل کے سلسلہ میں قانونی امور کا جائزہ لینے کے بعد ہی گورنر کوئی فیصلہ کریں گی۔ آر ٹی سی کے انضمام کا بل 2 اگست کو سہ پہر 3.30 بجے راج بھون پہنچا۔ حکومت نے اسمبلی میں بل کی پیشکشی کے ارادہ سے مسودہ گورنر کے پاس روانہ کیا۔ اگر گورنر کی منظوری میں تاخیر ہوتی ہے تو جاریہ میعاد میں کے سی آر حکومت کیلئے آر ٹی سی انضمام کو قانونی شکل دینا ممکن نہیں ہوگا۔ بل کی عدم منظوری کی صورت میں حکومت کو آر ٹی سی ملازمین کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ دیکھنا یہ ہے کہ کے سی آر حکومت گورنر کے کلیئرنس کے بغیر کیا آرڈیننس جاری کرے گی یا پھر آئندہ میعاد کیلئے انتظار کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ بلز کی منظوری کے معاملہ میں گزشتہ ایک سال سے راج بھون اور پرگتی بھون کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔ حالیہ دنوں میں گورنر نے جن تین بلز کو واپس کردیا تھا ، حکومت انہیں دوبارہ اسمبلی میں منظور کرتے ہوئے راج بھون روانہ کرے گی۔ دستور کے مطابق دوسری مرتبہ منظوری کے بعد گورنر کے لئے لازمی رہے گا کہ وہ بلز کو کلیئرنس دے۔ اسمبلی انتخابات سے قبل آر ٹی سی ملازمین کی تائید حاصل کرنے کیلئے کے سی آر حکومت نے انضمام کا فیصلہ کیا حالانکہ وہ اس مسئلہ پر سختی سے مخالفت کرچکے ہیں۔