آر ٹی سی بسوں میں نقد لین دین سے پاک سفر کی سہولت

   

عنقریب تمام بسوں میں ائٹمیز متعارف ، خواتین کو مفت سفر کرنے کے لیے اسمارٹ کارڈس
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ آر ٹی سی بسوں میں نقد لین دین سے پاک سفر کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ آپ کے جیب میں رقم بھی نہ ہو اور چلر کا مسئلہ بھی نہیں رہے گا ۔ ٹی جی ایس آر ٹی سی جولائی یا اگست سے کیاش لیس سفر کی سہولت فراہم کررہی ہے ۔ فی الحال یہ سہولت حیدرآباد کے دلسکھ نگر اور بنڈلہ گوڑہ بسوں کے ساتھ بنگلور ، تروپتی ، کے علاوہ دیگر دور دراز علاقوں میں چلائی جانے والی بس سرویس میں نقد لین دین سے پاک آئٹمیز ( انٹلی جنٹ ٹکٹ ایشو مشن ) کا استعمال کیا گیا ۔ ان روٹس میں تین ماہ قبل تجرباتی طور پر متعارف کرایا گیا تھا جو کامیاب ہوگیا ۔ جس کے بعد عہدیداروں کی جانب سے اس کو ریاست بھر میں متعارف کرانے کی تیاریاں کررہے ہیں ۔ آر ٹی سی بسوں میں جدید ٹکنالوجی کا استعمال کرنے کے لیے مرکزی وزارت ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کی طرف سے منظور کردہ 10.97 کروڑ روپئے کے ساتھ ٹی جی ایس آر ٹی سی نے 13 ہزار آئٹمیز کو خریدا گیا ہے ۔ مسافرین کے پاس نقد رقم نہ ہونے پر وہ کریڈٹ کارڈ ، ڈیبٹ کارڈ ، نیٹ بنکنگ ، کیو آر کوڈ ، موبائل ، یو پی آئی کے ذریعہ رقم ادا کرتے ہوئے ٹکٹ حاصل کرسکتے ہیں ۔ کنڈاکٹرس آٹو میٹک فیر کلکشن سسٹم کے ذریعہ ٹکٹ جاری کرتے ہیں ۔ آئٹمیز کے ذریعہ آر ٹی سی بسوں میں چلر کا مسئلہ بھی ختم ہوجائے گا ۔ جس سے اکثر مسافرین اور کنڈاکٹرس کے درمیان جھگڑے ہوتے رہے ہیں ۔ کئی مسافرین نے اس مسئلہ پر اعلیٰ عہدیداروں سے کنڈاکٹرس کی شکایت بھی کی ہے ۔ کنڈاکٹر کے بغیر چلنے والی بسوں میں ڈرائیور ٹکٹ جاری کرتے ہیں ۔ آئٹمیز کا استعمال ان کا کام آسان بنادے گا ۔ حکومت نے مہا لکشمی اسکیم کو متعارف کراتے ہوئے آر ٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی ہے ۔ خواتین کے لیے آر ٹی سی عنقریب اسمارٹ کارڈس جاری کرے گی ۔ اس کے ذریعہ آئٹمیز زیرو ٹکٹ جاری کرے گی ۔ رعایتی بس پاسیس بھی اسمارٹ کارڈ اور موبائل بس پاسیس میں تبدیل ہوجائیں گے ۔ آر ٹی سی کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ جولائی یا اگست کے پہلے ہفتہ میں 9100 بسوں میں آئٹمیز کو استعمال کیا جائے گا ۔ ابھی تک ممبئی ، بہار ، آسام ، جبلپور کے علاوہ دوسرے علاقوں کے بسوں میں آئٹمیز کے ذریعہ نقد لین دین سے پاک سسٹم پر کامیابی سے عمل ہورہا ہے ۔ تلنگانہ آر ٹی سی کے عہدیداروں نے متذکرہ علاقوں کا مطالعہ کرنے کے بعد ایک رپورٹ تیار کی ہے ۔ جس کے بعد ریاست میں اس پر عمل آوری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ عہدیداروں کا ماننا ہے کہ ڈیجیٹل پے منٹ سے کئی مسائل کی یکسوئی ہوگی ۔۔ 2