پولیس کی بدسلوکی پر بائیک سوار نے گاڑی کو آگ لگادی

   

پرانے شہر میں گاڑیوں کی تلاشی کے دوران سنسنی خیز واقعہ

حیدرآباد۔ 14 اکتوبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ میں گاڑیوں کی تلاشی کے دوران اس وقت سنسنی پیدا ہوگئی جب پولیس کی مبینہ بدسلوکی کا شکار ایک شخص نے اپنی موٹر سائیکل کو آگ لگادی۔ کل رات پرانے شہر کے راجندر نگر زون میں پولیس کی جانب سے گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی تھی۔ پولیس کی جانب سے جگہ جگہ بریکیڈس لگاکر تلاشی لی جارہی تھی۔ اس دوران فلک نما علاقہ میں ایک نوجوان کی تلاشی کے دوران پولیس سے بحث ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق ڈیوٹی پر تعینات سب انسپکٹر جس کی شناخت نہیں ہو پائی تاہم برہم نوجوان کا نام اعظم بتایا گیا ہے۔ سب انسپکٹر نے مبینہ طور پر اعظم سے بدسلوکی کی اور رسواء کن رویہ اختیار کیا جس کے بعد دونوں میں بحث ہوئی اور اس دوران اعظم نے برہمی کے عالم میں اپنی موٹر سائیکل کو آگ لگا دی۔ بعد ازاں پولیس کی جانب سے اعظم کو حراست میں لے لیا گیا ۔ اس واقعہ کے بعد شہریوں نے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے اور یہ تاثر پیش کیا ہے پولیس جرائم پر قابو پانے کے بجائے عام شہریوں کو تلاشی کے نام پر پریشان کررہی ہے جن اقدامات کو لازمی طور پر کرنا چاہئے جس کے سبب شہریوں کو راحت اور سکون حاصل ہوگا اور شہر میں امن و امان یقینی بنے گا ان اقدامات کے بجائے تلاشی کے نام پر ایسے اقدامات کئے جارہے ہیں اور یہ دکھانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ پولیس کس طرح سنجیدہ ہے بلکہ حقیقت میں جرائم میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ ع؍F