’آر ٹی سی ملازمین کو پیر تک تنخواہیں ادا کردی جائیں‘

,

   

ہڑتال کی بنیاد پر حکومت تنخواہیں نہیں روک سکتی: ہائی کورٹ
حیدرآباد۔ 16 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ میں آج آر ٹی سی ملازمین کو اس وقت راحت ملی جب عدالت نے حکومت کو ہدایت دی کہ ملازمین کو ماہ ستمبر کی تنخواہ پیر تک ادا کردی جائے۔ حکومت نے عدالت کے فیصلے سے اتفاق کرتے ہوئے تنخواہوں کی اجرائی کا تیقن دیا۔ تنخواہوں کی عدم اجرائی کی شکایت کرتے ہوئے درخواست داخل کی گئی تھی۔ 49190 ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی شکایت کرتے ہوئے حکومت کو ہدایت دینے کی اپیل کی گئی۔ درخواست گزار نے کہا کہ ماہ ستمبر کی تنخواہ ابھی تک ادا نہیں کی گئی ہے۔ عدالت کی ہدایت کے بعد آر ٹی سی حکام کے وکیل نے پیر تک تنخواہ کی اجرائی سے اتفاق کیا۔ درخواست میں کہا گیا کہ ہڑتال کی بنیاد پر ملازمین کی تنخواہوں کو روکا نہیں جاسکتا۔ ہائی کورٹ نے پیر تک تنخواہوں کی اجرائی کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ آر ٹی سی ملازمین نے عدالت کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ اسی دوران عدالت نے منگل کے دن ملازمین کو ہڑتال ختم کرنے اور حکومت کو بات چیت کیلئے ہڑتالی ملازمین کو مدعو کرنے کی ہدایت دی تھی۔ آر ٹی سی جے اے سی نے واضح کیا کہ وہ حکومت سے بات چیت کیلئے تیار ہے لیکن حکومت کی جانب سے کوئی پہل نہیں کی گئی ہے۔ اسی دوران تلنگانہ این جی اوز، تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن اور ٹیچرس کی تنظیموں نے ہڑتال کی تائید کا اعلان کیا ہے۔