آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ حکومت کی بات چیت ناکام

,

   

5 اکٹوبر سے بہر صورت ہڑتال جاری رکھنے روڈٹرانسپورٹ جے اے سی کا اعلان، سنگین صورتحال کا انتباہ

حیدرآباد۔/2 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ملازمین یونینوں پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی قائدین کے ساتھ سینئر آئی اے ایس عہدیدار مسٹر سومیش کمار کی زیر قیادت کمیٹی کی ہوئی بات چیت بالکلیہ طور پر ناکام ہوگئی۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے 5 اکٹوبر سے آر ٹی سی کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال بہر صورت شروع کرنے کا واضح طور پر اعلان کیا ہے۔ آر ٹی سی جوائنٹ ایکشن کمیٹی قائدین نے بتایا کہ ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کے تعلق سے حکومت کی جانب سے کوئی واضح تیقنات حاصل نہیں ہوئے۔ جس کی روشنی میں 5 اکٹوبر سے شروع کی جانے والی آر ٹی سی بس ہڑتال میں تمام ملازمین بھرپور حصہ لے کر مجوزہ ہڑتال کو کامیاب بنانے میں اپنا اہم رول ادا کرنے کی ملازمین سے پرزور اپیل کی اور کہا کہ حکومت اگر ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کو ہڑتال کرنے پر کسی بھی نوعیت سے ہراساں و پریشان کرنے کی کوشش کرنے کی صورت میں صورتحال سنگین شکل اختیار کرجائے گی۔ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن جوائنٹ ایکشن کمیٹی قائدین کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے ہڑتالی ملازمین کو خوف زدہ کرنے کے مقصد سے متعدد منصوبہ جات مرتب کررہی ہے لیکن ان تمام منصوبہ جات کے باوجود بہر صورت مجوزہ غیر معینہ مدت کی ہڑتال کو روکنے کا ہرگز سوال ہی پیدا نہیں ہوگا کیونکہ ٹی ایس آر ٹی سی کے تمام ملازمین ایک جٹ ہوکر متحدہ طور پر غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کی روشنی میں ٹی ایس آر ٹی سی کے تمام ملازمین متحدہ طور پر اس ہڑتال میں حصہ لے کر بہر صورت اپنے مطالبات کی یکسوئی کیلئے ہڑتال کو کامیاب بنائیں گے۔ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن جوائنٹ ایکشن کمیٹی قائدین نے 5 اکٹوبر سے شروع کی جانے والی آر ٹی سی ملازمین کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال کے دوران ملازمین کو ہراساں کرنے اور خوفزدہ کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے کسی بھی اقدامات کے خلاف حکومت اور تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن انتظامیہ کو سخت انتباہ دیا اور کہا کہ حکومت کے کسی بھی اقدامات پر پیدا ہونے والے حالات کیلئے حکومت ہی مکمل ذمہ دار ہوگی۔ اسی دوران مسٹر سومیش کمار صدر نشین کمیٹی نے بتایا کہ آج آر ٹی سی عہدیداروں اور ملازمین یونین قائدین کے ساتھ بات چیت کی گئی اور بالخصوص دسہرہ تہوار کے پیش نظر مجوزہ غیر معینہ مدت کی شروع کی جانے والی ہڑتال سے دستبرداری اختیار کرلینے کی قائدین سے اپیل کی گئی اور کہا گیا کہ حکومت ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کے مسائل کی یکسوئی کیلئے نہ صرف سنجیدہ ہے بلکہ تیارہے۔ علاوہ ازیں طویل بات چیت کرنے کیلئے تیار رہنے کا اظہار کیا گیا۔ مسٹر سومیش کمار نے بتایا کہ ٹی ایس آر ٹی سی کا تحفظ اور ملازمین کے دیرینہ حل طلب26 مطالبات کا تفصیلی جائزہ لے کر حکومت کو بہت جلد رپورٹ پیش کی جائے گی۔ تاہم کمیٹی نے آر ٹی سی ملازمین قائدین سے کچھ وقت درکار رہنے کا اظہار بھی کیا ہے۔ بتایا جاتاہے کہ مسٹر سومیش کمار کی زیر قیادت کمیٹی نے آر ٹی سی ملازمین یونین قائدین کو اس بات سے بھی واقف کروایا ہے کہ ہڑتال شروع ہونے کی صورت میں پلان نمبر 1 اور پلان نمبر 2 تیار رکھنے اور اس کے مطابق کارروائی کرنے کا بھی اشارہ دے دیا ہے۔ جس کے نتیجہ میں آر ٹی سی ملازمین یونین قائدین نے اپنے موقف میں مزید سختی پیدا کرکے بہرصورت ہڑتال شروع کرنے کا متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے۔ مسٹر سومیش کمار نے آر ٹی سی ملازمین یونین قائدین کے ساتھ ہوئی بات چیت کے فوری بعد اخباری نمائندوں کے ساتھ اپنا تبادلہ خیال کرتے ہوئے بتایا کہ آر ٹی سی ملازمین یونینوں پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی قائدین کی جانب سے دی گئی ہڑتال نوٹس پر قائدین کے ساتھ بات چیت کی گئی اور دسہرہ تہوار سے قبل ہڑتال شروع نہ کرنے کی قائدین سے خواہش کی گئی اور اس بات کا یقین بھی دلایا گیا کہ آر ٹی سی ملازمین کے مسائل کی منصفانہ انداز میں یکسوئی کرنے کی کوشش کی جائے گی، اور بتایا کہ سب سے پہلے فوری طور پر یکسوئی کئے جانے والے مسائل پر بات چیت کی گئی۔ بعد ازاں طویل مدتی مسائل کی یکسوئی پر بات چیت کی گئی۔ مسٹر سومیش کمار نے پرزور الفاظ میں کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ٹی ایس آر ٹی سی پر اپنی خصوصی دلچسپی رکھے ہوئے ہیں۔