ملازمین کی یونینوں کا اظہار تشویش
حیدرآباد ۔27۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ آر ٹی سی کے مسائل پر تشکیل دی گئی سہ رکنی کمیٹی کے اجلاس میں تاخیر کے سبب آر ٹی سی ملازمین کی یونینوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ آر ٹی سی سے برطرف کئے گئے ملازمین کے مسائل کا جائزہ لینے کیلئے حکومت نے 12 ڈسمبر کو سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی۔ 500 ملازمین کو سابق میں خدمات سے برطرف کرلیا گیا تھا۔ تلنگانہ حکومت نے برطرفی کی وجوہات کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دی جس میں پرنسپل سکریٹری محکمہ لیبر سنجیو کمار صدرنشین ہیں جبکہ آر ٹی سی کے مینجنگ ڈائرکٹر سجنا کو کنوینر جبکہ پرجا وانی پروگرام کی نوڈل آفیسر دیویا کو رکن نامزد کیا گیا ۔ 12 ڈسمبر کو کمیٹی کی تشکیل کے بعد سے آج تک ایک بھی اجلاس منعقد نہیں ہوا جس کے نتیجہ میں آر ٹی سی ملازمین میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ پرجا وانی پروگرام میں آر ٹی سی ملازمین اور ان کے افراد خاندان نے حکومت سے نمائندگی کی تھی۔ سہ رکنی کمیٹی کی تشکیل کا مقصد ملازمین کے مسائل کی یکسوئی کے علاوہ آر ٹی سی کو مزید مستحکم کرنا تھا اور خدمات میں توسیع ہے۔1