آر ٹی سی میں بہت جلد کنڈاکٹرس کے تقررات کا فیصلہ

   

وزیرٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کا جائزہ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔10جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت جلد ہی کنڈکٹرس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کو یقینی بنائے گی۔ مسٹر پونم پربھاکر وزیر ٹرانسپورٹ و بی سی ویلفیر نے آج جائزہ اجلاس کے دوران یہ بات کہی۔انہو ںنے بتا یا کہ طویل عرصہ سے موروثی تقررات کا انتظار کیا جارہا تھا ان تقررات کو منظوری دے دی گئی ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو 813 کنڈکٹرس کے تقررات کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط کی تیاری کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو اس کے لئے مزید انتظار نہیں کروایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آرٹی سی میں خدمات کی انجام دہی کے دوران جن لوگوں کی موت واقع ہوئی ہے ان کے افرادخاندان کو یہ ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔ مسٹر پونم پربھاکر نے بتایا کہ ان ملازمتوں کے لئے حیدرآباد ریجن میں 66 ‘ سکندرآباد میں 126 ‘ رنگاریڈی میں 52 ‘ نلگنڈہ میں 56‘ محبوب نگر میں 83‘ میدک میں 93 ‘ ورنگل میں 99 ‘ کھمم میں 53‘ عادل آباد میں 71 نظام آباد میں 69کے علاوہ کریم نگر میں 45 افراد کو ان جائیدادوں پر تقررات کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس کے اقتدار حاصل کرنے کے اندرون ایک ماہ اس مسئلہ کو حل کرلیا گیا ہے جبکہ سابقہ حکومت میں برسوں سے اس مسئلہ کو زیر التواء رکھتے ہوئے مسائل کا شکار بنایا جارہا تھا۔ ریاستی وزیر نے جائزہ اجلاس کے دوران ریاست میں آرٹی سی کے لئے نئی بسوں کی خریدی کے علاوہ دیگر مسائل کا بھی جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ خواتین کے لئے مفت بس کے سفر کی اسکیم پر مؤثر عمل آوری کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنائیں ۔ 3