آر ٹی سی میں فیملی 24 اور ٹی۔6 ٹکٹوں کی اجرائی آج سے بند

   

مسافرین کی تعداد میں اضافہ پرسجنار کا اعلان

حیدرآباد۔/31 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) مہا لکشمی اسکیم کے تحت خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کے بعد آر ٹی سی نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے دو فیملی ٹکٹس کی اجرائی کو روک دیا ہے۔ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر سجنار نے سوشیل میڈیا میں پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ آر ٹی سی نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں جاری کئے جانے والے فیملی 24 اور ٹی ۔ 6 ٹکٹس کو فوری طور پر برخواست کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مہا لکشمی اسکیم کے تحت خواتین کو مفت سفر کی سہولت کے نتیجہ میں مسافرین کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔ یکم جنوری سے مذکورہ دونوں ٹکٹس کی اجرائی روک دی جائے گی۔ سجنار نے بتایا کہ فیملی 24 اور ٹی۔ 6 ٹکٹوں کی اجرائی کیلئے مسافرین کو شناختی کارڈ پیش کرنا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ مسافرین کی عمر بھی درج کی جاتی ہے۔ مہا لکشمی اسکیم کے نتیجہ میں کنڈکٹرس کو فیملی 24 اور ٹی ۔ 6 ٹکٹوں کی اجرائی میں وقت لگ رہا ہے جس کے نتیجہ میں بسوں کے سفر کے اوقات میں اضافہ ہورہا ہے۔ مسافرین کی دشواریوں کا احساس کرتے ہوئے آر ٹی سی نے دونوں ٹکٹوں کی اجرائی کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ اسمبلی انتخابات میں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے تحت ریونت ریڈی حکومت نے مہا لکشمی اسکیم کے تحت خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی ہے جس کے نتیجہ میں بسوں کی خواتین کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔1