نظام آباد۔ 14 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی جی ایس آر ٹی سی) کے نظام آباد ریجنل منیجر ایس وی جی کے مورتی نے کہا ہے کہ آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرنا ملازمین اور کارکنوں کا دیرینہ خواب رہا ہے اور ریاستی حکومت اس تاریخی فیصلے کے حوالے سے انتہائی مثبت رویہ اختیار کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے ملازمین کو یقین دلایا کہ انضمام کے عمل کو حکومت کی جانب سے ترجیح دیتے ہوئے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ریجنل منیجر نے بتایا کہ گزشتہ اپریل کی ہڑتال کے دوران حکومت کی قائم کردہ کابینہ سب کمیٹی نے 2021 کی تنخواہوں پر نظرثانی، یونینوں کی بحالی اور آر ٹی سی کے سرکاری انضمام سمیت اہم مطالبات کا جائزہ لے کر مثبت فیصلہ کیا تھا۔ بعد ازاں انضمام کے عمل کو کابینہ سب کمیٹی کے دائرۂ کار میں شامل کرتے ہوئے اسے خصوصی اہمیت دی گئی۔ حکومت نے اس مقصد کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے، جو انضمام سے متعلق تکنیکی، مالیاتی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لے چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہڑتال کے دوران باقی رہ جانے والے مطالبات پر آر ٹی سی ایگزیکٹو ڈائریکٹرس کمیٹی مزدور تنظیموں سے مذاکرات کر رہی ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ انضمام کے عمل میں ہر کارکن کی آواز شامل ہو، اسی لیے جلد ہی ریاست بھر کے ڈپوؤں میں محکمہ محنت کی نگرانی میں شفاف طریقے سے یونین ویریفکیشن کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ اکثریتی حمایت حاصل کرنے والی یونینوں کے نمائندوں کو انضمام کے عمل میں براہ راست شریک کیا جائے گا اور ان کی تجاویز کابینہ سب کمیٹی کے سامنے پیش کی جائیں گی تاکہ تمام فریقین کے لیے قابل قبول اور سو فیصد شفاف انداز میں انضمام کا عمل مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے ملازمین سے اپیل کی کہ وہ ہمیشہ کی طرح اپنی ذمہ داریاں دیانت داری سے انجام دیتے ہوئے ادارے کی ترقی میں تعاون جاری رکھیں، جبکہ حکومت ان کے مستقبل کے تحفظ کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔