آر ٹی سی کے تیقنات پر اندرون دس یوم عمل آوری

   

ملازمین کیلئے ویلفیر بورڈ کی تکمیل ، اسپیشل چیف سکریٹری سنیل شرما کی ہدایت
حیدرآباد ۔ /18 ڈسمبر (سیاست نیوز) اسپیشل چیف سکریٹری ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ و انچارج منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن مسٹر سنیل شرما نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے آر ٹی سی کو دیئے گئے تیقنات پر اندرون دس یوم روبہ عمل لانے کے اقدامات کرنے کی ہدایت دیں اور کہا کہ بالخصوص ملازمین آر ٹی سی کے ویلفیر بورڈ آفس کا جاریہ ہفتہ کے دوران شروع کرنے کا متعلقہ عہدیداران آر ٹی سی کو مشورہ دیا ۔ مسٹر سنیل شرما جنہوں نے آر ٹی سی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس طلب کیا تھا ۔ بس ڈپوز ، ریجنل سطح پر آر ٹی سی ملازمین کیلئے ویلفیر بورڈ کی تشکیل عمل میں لانے کے سلسلہ میں بورڈ کے قواعد و ضوابط کو فی الفور مرتب کرنے کی ہدایات دیں ۔ علاوہ ازیں مسٹر سنیل شرما نے ریاست بھر میں بسوں کو باقاعدہ بنانے اور کم تعداد میں مسافروں کے ساتھ چلائی جانے والی بسوں پر روک لگانے کے اقدامات کئے جانے چاہیے اور اضافہ شدہ بس کرایوں کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ آمدنی حاصل ہونے کیلئے بسوں کے شیڈول بنائے جانے چاہیے ۔ علاوہ ازیں انچارج منیجنگ ڈائرکٹر ٹی ایس آر ٹی سی نے آر ٹی سی کے خاتون ملازمین کو نیا یونیفارم ’’اپرانس‘‘ فراہم کرنے کی متعلقہ عہدیداران آر ٹی سی کو ہدایات دیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کی جانب سے آر ٹی سی ملازمین کو دیئے گئے تیقنات پر عمل آوری کا جائزہ لینے کیلئے خود چیف منسٹر دوبارہ ایک جائزہ اجلاس عنقریب طلب کرنے والے ہیں جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہی مسٹر سنیل شرما نے اس اجلاس کے انعقاد سے قبل ہی ملازمین آر ٹی سی کو چیف منسٹر کے دیئے گئے تیقنات پر عمل آوری کو یقینی بنانے کی عہدیداران آر ٹی سی کو ضروری ہدایات دیں ۔ انچارج منیجنگ ڈائرکٹر ٹی ایس آر ٹی سی نے عہدیداران آر ٹی سی پر زور دیا کہ وہ بسوں کے شیڈول کو باقاعدہ بناتے ہوئے آر ٹی سی کو نفع حاصل ہونے کیلئے موثر اقدامات کریں ۔