آر ٹی سی ہڑتال اور حکومت کے ٹکراؤ نے مزید دوکی جان لے لی

,

   

ناگی ریڈی پیٹ کے ڈرائیور عبدالغفوراور مشیرآباد ڈپوڈرائیوررمیش قلب پر حملہ سے فوت
حیدرآباد۔/23 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) منڈل ناگی ریڈی پیٹ کے گول لنگال علاقہ سے تعلق رکھنے والے آر ٹی سی ڈرائیور 35 سالہ عبدالغفور رات 8:30 بجے قلب پر حملہ ہونے سے فوت ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق آر ٹی سی ڈرائیور عبدالغفور جو نظام آباد۔2 آر ٹی سی ڈپو میں ڈرائیور کی خدمات انجام دے رہے تھے۔ گھر پر ٹیلی ویژن میں ہڑتال کی خبریں دیکھ رہے تھے کہ ان کے قلب پر حملہ ہوا۔ افراد خاندان انہیں فوری حیدرآباد منتقل کررہے تھے کہ راستہ میں ہی انہوں نے آخری سانس لی اور انتقال کرگئے۔ متوفی کو بیوی، چھ ماہ کی بیٹی، والدین ، چھوٹا بھائی ہے۔ تمام گھر کی ذمہ داری عبدالغفور پر ہی تھی۔ عبدالغفور کی موت کی خبر سنتے ہی منڈل کے آر ٹی سی ڈرائیورس اور ملازمین فوری گول لنگال پہنچ گئے اور ڈرائیور کی موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ہڑتال کے سبب دلبرداشتہ ہونے سے اب تک ریاست بھر میں دس آر ٹی سی ملازمین قلب پر حملہ ہونے سے فوت ہوچکے۔ نظام آباد ضلع آر ٹی سی جے اے سی کو کنوینر ، آر ٹی سی اسٹاف اینڈ ورکرس فیڈریشن ریاستی سکریٹری مسٹر سنجیو نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ حکومت کو فوری آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات قبول کرنے پر زور دیا۔حکومت کے رویہ پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔دریں اثناتلنگانہ میں ایک اور مایوس ہڑتالی آرٹی سی ورکر کی موت ہوگئی۔آرٹی سی ورکرس کی ہڑتال کے سبب یہ ڈرائیورکافی مایوس اور پریشان تھا۔اس کی شناخت مشیر آباد ڈپو میں ڈرائیور کے طور پر خدمات انجام دینے والے 37سالہ رمیش کے طورپر کی گئی ہے ۔ضلع رنگاریڈی کے یاچارم منڈل کے مال دیہات کا رہنے والا رمیش 17دنوں سے آرٹی سی کی ہڑتال کے سبب کافی مایوس تھا۔اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ احتجاج میں حصہ بھی لیا تھا۔دو دن پہلے اس نے دل میں درد کی شکایت کی جس کے بعد اس کو حیدرآباد کے ملک پیٹ علاقہ کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کروایا گیا جہاں علاج کے دوران بدھ کی صبح اس کی موت ہوگئی۔اسی دوران آج آرٹی سی ورکرس کی ہڑتال 19ویں دن میں داخل ہوگئی ہے ۔آج تمام ڈپوز کے سامنے ورکرس نے احتجاج کیا اور اپنے مطالبات کی حمایت میں نعرہ بازی کی۔