آر ٹی سی ہڑتال: مزید دو ملازمین فوت

   

آخر اور کتنی جان جائے گی…!

برطرفی سے دلبرداشتہ نرسم پیٹ ڈپو کے ڈرائیور محمد یعقوب پاشاہ اور میدک ڈپو کے کنڈکٹر محمد جعفر کا انتقال

حیدرآباد۔/20 نومبر، ( سیاست نیوز) ورنگل رورل ضلع کے نرسم پیٹ آر ٹی سی ڈپو سے وابستہ ڈرائیور محمد یعقوب پاشاہ کا ہڑتالی ملازمین کے ساتھ احتجاج میں حصہ لینے کے کچھ ہی دیر بعد اچانک قلب پر شدید حملہ کی وجہ سے انتقال ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق بتایاجاتا ہے کہ ریاست میں ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کی جاری ہڑتال اور حکومت کے اختیار کردہ سخت موقف کے باوجود ہڑتالی ملازمین نرسم پیٹ بس ڈپو کے روبرو احتجاجی مظاہرے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس احتجاجی مظاہرے میں حصہ لینے والے نرسم پیٹ بس ڈپو سے وابستہ ڈرائیور محمد یعقوب پاشاہ کو احتجاجی مظاہرہ سے واپسی کے کچھ ہی دیر بعد قلب پر شدید حملہ ہونے پر انہیں فوری طور پر ایم جی ایم ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ یعقوب پاشاہ نے گزشتہ دن نرسم پیٹ بس ڈپو کے روبرو منظم کردہ احتجاج میں شامل ہوکربعد ازاں اپنے آبائی مقام اوپر پلی روانہ ہوکر اپنے مکان پہنچنے اور کچھ ہی دیر بعد سینہ میں شدید تکلیف کی شکایت کرنے پر افراد خاندان نے انہیں فوری طور پر ایم جی ایم ہاسپٹل میں شریک کروادیا۔ لیکن دوران علاج انتقال ہوگیا۔ ان کے انتقال کی اطلاع پر ساتھی ہڑتالی ملازمین نے کثیر تعداد میں ایم جی ایم ہاسپٹل پہنچ کر محمد یعقوب پاشاہ کے انتقال پر سخت احتجاج اور کہا کہ محض جاری آر ٹی سی ہڑتال کے مسئلہ پر حکومت کے اختیار کردہ طرز عمل سے دلبرداشتہ ہونے کی وجہ سے ہی یعقوب پاشاہ کے قلب پر حملہ ہونے سے انتقال ہوگیا۔ ہڑتالی ملازمین یونینوں کے قائدین نے محمد یعقوب پاشاہ کے افراد خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔دریں اثناء نمائندہ سیاست میدک کے بموجب محکمہ آر ٹی سی کے 47 دنوں سے جاری احتجاج میں ہر روز حصہ لینے والے ایک کنڈکٹر میدک ڈپو محمد جعفر کا قلب پر حملہ کے باعث حیدرآباد کے ایک ہاسپٹل میں انتقال ہوگیا۔35 سالہ محمد جعفر ساکن سلابت پور کوڑی منڈل ضلع میدک گزشتہ دس سال سے میدک ڈپو میں خدمات انجام دے رہے تھے ہڑتال میں حصہ لینے والے ملازمین کو خدمات سے برطرف کردیئے جانے کے حکومت کے اعلان سے قلب پر حملہ ہوا۔ جن کی تدفین 21 نومبر کو سلابت پور میں عمل میں آئے گی۔ پسماندگان میں شریک حیات کے علاوہ دو کمسن لڑکے ہیں۔