آزادی کی قیمت کو فراموش نہ کیا جائے : راہول

   

امرتسر۔ 13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہفتہ کو کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے جلیانوالہ شہیدوں کو گلہائے عقیدت نذر کئے اور کہا کہ آزادی کی جو قیمت ادا کی گئی ہے، اسے کبھی نہیں بھولنا چاہئے۔ جلیان والا باغ کے المناک سانحے کو ہوکر پورے 100 سال ہوچکے ہیں۔ یہ واقعہ 13 اپریل 1919ء میں ہوا تھا۔ راہول گاندھی کے ساتھ جلیانوالہ باغ کے شہیدوں کی یادگار پر نوجیت سنگھ سدھو اور پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ بھی موجود تھے راہول گاندھی نے یادگار پر آنے والے لوگوں کے لئے مختص بیاض میں لکھا کہ ’’آزادی کی قیمت کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہئے۔ ہم ہندوستان کے عوام کو سلام کرتے ہیں جنہوں نے اپنی ہر چیز وطن پر نچھاور کردی‘‘۔ برطانیہ کے ہندوستان میں تعینات ہائی کمشنر ڈومینر اسکویٹو نے بھی جلیان والہ باغ کی یادگار کا ہفتہ کے دن علیحدہ دورہ کیا۔ برطانیہ کے ہائی کمشنر نے بھی جلیان والا باغ کی بیاض میں لکھا کہ 100 سال قبل جو جلیانوالہ باغ کے واقعات ہوئے تھے، وہ برطانیہ کی ہندوستانی تائید کا ایک شرمناک باب تھے جو کچھ ہوا ، اس کا ہمیں سخت افسوس ہے۔