آزادی کے 75 سال کی تکمیل پر 8 تا 22 اگسٹ ریاست بھر میں تقاریب

   

چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس، 21 اگسٹ کو اسمبلی کا خصوصی اجلاس ، 16 اگسٹ کو مشاعرہ، ہر گھر کو ترنگا کی مفت تقسیم
حیدرآباد۔/2 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آزادی کے 75 سال کی تکمیل پر ریاست گیر سطح پر تقاریب کے شایان شان انعقاد کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی میں مجاہدین آزادی کی خدمات سے عوام کو واقف کرانے کیلئے حکومت نے ریاستی سطح پر کمیٹی تشکیل دی ہے۔ چیف منسٹر نے آج تقاریب کے انعقاد کے سلسلہ میں پرگتی بھون میں کمیٹی کے ارکان کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین، طلبہ ، اعلیٰ عہدیداروں، عوامی نمائندوں اور نوجوانوں کو ان تقاریب میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیئے۔ ریاست بھر میں ایک کروڑ 20 لاکھ مکانات پر قومی پرچم لہرایا جائے گا اور چیف منسٹر نے ہر گھر کو ترنگا مفت سربراہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر نے 8 اگسٹ تا 22 اگسٹ ریاست بھر میں مختلف پروگراموں کے انعقاد کے سلسلہ میں ارکان سے مشاورت کے بعد اہم فیصلے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ایام میں روزانہ ایک پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے 15 اگسٹ کو یوم آزادی کی تقاریب کے انعقاد کے علاوہ ہر گھر پر قومی پرچم لہرانے کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ 9 اگسٹ سے گھروں پر قومی پرچم کی تقسیم کا آغاز کرنے کی ہدایت دی گئی۔ تقسیم کا عمل میونسپلٹیز اور گرام پنچایتوں کی نگرانی میں کیا جائے۔ 8 اگسٹ کو تقاریب کا آغاز ہوگا۔ حیدرآباد کے ایچ آئی سی سی میں افتتاحی تقریب منعقد ہوگی۔ آرمی اور پولیس بیانڈ کے مظاہرے، قومی ترانہ اور دیگر تہذیبی پروگراموں کے بعد چیف منسٹر کے سی آر افتتاحی خطاب کریں گے۔ ریاستی وزراء، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور کونسل، ضلع پریشد کے صدورنشین، میئر، ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سنٹرل بینک صدورنشین کے علاوہ رعیتو بندھو سمیتی کے صدر، زیڈ پی ٹی سی ارکان، ایم پی ٹی سی ارکان، مختلف کارپوریشنوں کے میئر، میونسپل چیرمین اور تمام سرکاری محکمہ جات کے ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹس اور دیگر عہدیدار پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ 2000 مدعوئین کی موجودگی میں افتتاحی تقریب منعقد ہوگی۔ بس اسٹانڈز، ریلوے اسٹیشن، ایرپورٹ، اسٹار ہوٹلس، ہاسپٹلس اور شاپنگ مالس کو خوبصورتی سے سجایا جائے گا۔ سرکاری عمارتوں کے علاوہ اہم عوامی مقامات پر روشنی کا خصوصی انتظام کیا جائے گا۔ اہم مقامات پر قومی پرچم لہرایا جائے گا۔ خانگی اسکولس، انٹر اور ڈگری کے طلبہ کیلئے مختلف مقابلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ ہر دن اسکول کے آغاز کے وقت تمام اسکولوں میں منتخب دیش بھکتی گیت مائیک پر گائے جائیں گے۔ شہروں سے دیہاتوں تک مختلف تقاریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ مجاہدین آزادی اور جدوجہد آزادی کے حالات پر مبنی فلموں کی نمائش کی جائے گی۔ فریڈم 2K رن کے اہتمام کی ہدایت دی گئی ہے۔ ہر اسمبلی حلقہ میں بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد ہوگا۔ آزادی کے 75 سال کی تکمیل کے موقع پر اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کیا جائے گا۔ 14 اگسٹ کو ضلع ہیڈکوارٹرس اور حیدرآباد میں ٹینک بنڈ پر آتشبازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ ضلع انچارج وزراء کی نگرانی میں کنوینر کے طور پر کلکٹر مختلف پروگراموں کے اہتمام کو یقینی بنائیں گے۔ چیف منسٹر نے رویندرا بھارتی میں مختلف تہذیبی پروگراموں کے 15 دنوں تک انعقاد کی ہدایت دی ہے۔ اجلاس میں 8 تا 22 اگسٹ کے روزانہ کے پروگراموں کو قطعیت دی گئی ہے۔ 16 اگسٹ کو کوی سمیلن اور مشاعرہ کا اہتمام کیا جائے گا۔ 22 اگسٹ کی اختتامی تقریب لال بہادر اسٹیڈیم میں ہوگی جبکہ 21 اگسٹ کو اسمبلی کا خصوصی اجلاس رہے گا۔ر