آسام: این آر سی میں نام شامل نہ ہونے والے ’غیر ملکیوں“ کیلئے رہائشی کامپلکس کی تعمیر، 180بیت الخلائیں، دیگر سہولیات موجود

,

   

گوہاٹی: این آر سی میں نام شامل نہ ہونے والوں ”غیر ملکیوں“ قرار دئے گئے افراد کیلئے حکومت ہند کی جانب سے رہائشی کامپلکس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ یہ کامپلکس مغربی آسام کے گوپارا ضلع کے ماٹیا علاقہ میں تعمیر کئے جارہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ رہائشی کامپلکس ان غیر شہریو ں کیلئے تعمیر کئے جارہے ہیں جن کے نام این آر سی میں نہیں تھے۔

واضح رہے کہ نیشنل رجسٹر آف سٹیزن شپ میں جن افراد کے نام نہیں ہیں انہیں ”غیر شہری“ تصور کیا جارہاہے۔ ذرائع کے مطابق ماٹیا میں 46 کروڑ روپے کی لاگت سے یہ کامپلکس بنائے جارہے ہیں۔ اس کا مربع گز تقریبا 2.5ہیکٹر ہوگا جس میں تین ہزار افراد رہ سکیں گے۔ یہ کامپلکس کی تعمیر 2018ء میں ہی شروع کی جاچکی ہے۔ ایسے 15 کامپلکس بنائے جارہے ہیں جو چار منزلہ ہوں گے۔ امید کی جارہی ہے کہ جاریہ سال کے دسمبر تک اس کی تعمیر کا کام مکمل ہوجائے گا۔ ذرائع کے مطابق سنٹر میں ضروریات زندگی کی تمام باتیں موجود ہوں گی۔ جیسے ہاسپٹل، آڈیٹوریم، ایک باورچی خانہ اور 180بیت الخلاء و حمام ہوں گے۔ سنٹر کے باہر ایک پرائمری اسکول بھی بنایا جارہا ہے۔

ان سنٹروں کی باؤنڈری وال کو لال رنگ لگایا جارہا ہے اور اس کی اونچائی 20فیٹ ہوگی۔ یہاں پر ایک گھڑی ٹاور بھی بنایا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہوم ڈپارٹمنٹ نے واضح کیا کہ یہ سنٹرس کوئی جیل کی طرح نہیں ہیں۔ یہاں ایک ہاسٹل کے جیسے کمرے بنائے جائیں گے جس میں چار سے پانچ افراد رہ سکیں۔ ان کمروں کیلئے بہتر دروازے، برقی اور دیگر سہولیات ہوں گی۔ عورتوں کے لئے بھی خصوصی سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور ان کے لئے نرسنگ ہوم بھی بنایا جائیگا۔ ان کے بچوں کو تعلیم بھی فراہم کی جائے گی۔حکومت نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ وہ افراد جن کے نام این آر سی میں شامل نہیں ہیں انہیں غیر ملکی تصور ہونے کی کارروائی ہونے تک ہر ممکنہ مد دکی جائے گی۔“