پارٹی دو گروپس میں بٹ گئی ہے ۔ کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی
سروپاتھر ( آسام ) ۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے آج الزام عائد کیا کہ آسام میں برسر اقتدار بی جے پی مافیا کی طرح کام کر رہی ہے اور کئی سنڈیکیٹ چلائے جا رہے ہیں۔ یہاں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی کے دو گروپ ہیں اور دونوں گروپس نے ہی عوام کو دھوکہ دیا ہے ۔ انہوں نے آسام بی جے پی قیادت کا دھرتراشٹرا اور شکونی جیسے کرداروں سے تقابل کیا اور کسی کا بھی نام نہیں لیا ۔ دھرتراشٹرا مہابھارت میں ایک نابینا حکمران تھا جبکہ شکونی سیاسی جوڑ توڑ کا ماہر تھا ۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ آسام حکومت میں ایک شکونی ماما جیسا لیڈر ہے اور ایک دھرتراشٹرا ہے ۔ ان دونوں نے اور بی جے پی نے آسام کے عوام کو دھوکہ دیا ہے ۔ دھتراشٹرا جو کبھی عوام کا لیڈر قرار دیا گیا تھا اس نے چھ نسلی برداریوں کو دھوکہ دیا ہے جن سے اس نے درج فہرست قبائل کی فہرست میں شامل کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ تاہم اقتدار ملنے کے بعد ایسا نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ دوسرا لیڈر شکونی ماما جیسا ہے ۔ یہ لیڈر ایک بدعنوان حکومت چلاتا ہے جو عوام کو دھوکہ ہی دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی یہ فیصلہ نہیں کر پا رہی ہے کہ اس کا چیف منسٹر کون ہوگا اور وہ اس کا نام بتانے کے موقف میں نہیں ہے ۔ اگر خود پارٹی میں ہی اتحاد اور استحکام نہیں ہے تو ریاست میں کس طرح استحکام آئے گا ۔