آسام میں مسلم نوجوانو ں کی سرعام پٹائی، جے شری رام اور پاکستان مردہ باد کے جبراً نعرے لگوائے گئے۔ ایف آئی آر درج

,

   

گوہاٹی: آئے دن ملک کے مختلف حصوں میں مسلمانو ں کو شدید زد کوب کیا جارہا ہے انہیں زبردستی جئے شری رام کے نعرے لگوانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انکار کرنے پر مارا پیٹا جارہا ہے ۔ گذشتہ ماہ گروگرام میں تقریبا 40لوگوں کے ایک گروپ نے مسلم خاندان کے گھرمیں گھس کر پٹائی کردی۔ ایسا ہی ایک تازہ ترین واقعہ آسام کے شہر بارپیٹا میں پیش آیا۔ جہاں مسلم طبقہ کے لوگوں کومبینہ طور پر مارنے پیٹنے او رجبراً جئے شری رام اور پاکستان مردہ باد کے نعرے بلند کئے گئے۔ پولیس نے اس معاملہ میں ایک ایف آئی آر درج کی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ منگل کی شب پیش آیا۔ پولیس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک ویڈیو کے ذریعہ سے ہمیں معلومات فراہم ہوئی ہیں۔

ویڈیو کے مطابق ایک مسلم نوجوانوں کو مارا پیٹا جارہا ہے۔او رانہیں زبردستی جئے شری رام او رپاکستان مردہ باد کہنے کیلئے مجبورکیا جارہا ہے۔ پولیس کو موصولہ شکایت کے بموجب ہندو واہنی تنظیم کے کارکن بتانے والے چند لوگوں نے بارپیٹا شہر میں ایک آٹورکشا کو زبردستی روک دیا۔ اس کے بعد آٹو میں سوار مسلم لوگوں کی پٹائی کردی۔ متاثرین کو جئے شری رام، بھارت ماتا کی جئے او رپاکستان مردہ باد کے نعرے لگانے پر مجبور کیا گیا۔

متاثرین کو پیٹنے کے دوران حملہ آوروں نے واقعہ کی فلم بندی کی۔ بعد ازاں اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر وائرل کردیا۔ بار پیٹا کے رکن اسمبلی عبد الخالق نے کہا کہ انہوں نے ایس پی سے اس واقعہ کے معاملہ میں کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔