آسان اور مسنون نکاح مہم کے تحت ایک اہم کارگزاری

,

   

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی کی جانب سے ملک بھر میں جاری” آسان اور مسنون نکاح” مہم کے تحت الحمدلله ٢٠/صفر المظفر ١٤٤٣هج مطابق 28,ستمبر 2021, صوبہ اتر پردیش میں حضرت مولانا حکیم محمد عبداللہ مغیثی صاحب مدظلہ العالی (رکن عاملہ مسلم پرسنل لا بورڈ و سرپرست اصلاح معاشرہ کمیٹی) نے جامعہ اسلامیہ عربیہ حسینیہ اجراڑہ ضلع میرٹھ کی مسجد میں سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے مطابق نہایت سادگی کے ساتھ محمد انس ابن حاجی ہارون صاحب کا نکاح پڑھایا۔ نکاح سے قبل حضرت والا نے اپنے مختصر خطاب میں آسان اور مسنون نکاح کی تائید و ستائش کرتے ہوئے فرمایا: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی کی جانب سے جاری اس ملک گیر مہم کا مقصد صرف دنیا ہی میں نہیں بلکہ دونوں جہان میں انسان کو کامیابیوں سے ہمکنار کرنا ہے۔ حضرت والا نے خطبۂ نکاح کا مطلب و مفہوم واضح کرتے ہوئے فرمایاکہ “اسلام نکاح کی تقریبات نہایت سادگی کے ساتھ کرنے کا حکم کرتا ہے لہذا اس طرح کے شادیوں اور عقد نکاح کی مجلسوں کا دل کھول کر استقبال کرنا چاہیے جس میں سادگی کے ساتھ مہر معجل ادا کرتے ہوئے جہیز کی لعنت سے بچتے ہوئے سنت نبوی کے طریقہ پر عمل ہوتا ہو۔خاص طور پر ہمارے موجودہ معاشرہ میں اہل ثروت حضرات کو اسراف و فضول خرچی، خرافات و رسومات سے پاک تقریبات منعقد کرکے اس طرح کی مثالیں پیش کرنے کی ضرورت ہے۔کیوں کہ آج ہمارے معاشرہ میں غیر ضروری رواجوں کی وجہ سے نہ جانے کتنی غیر شادی شدہ معمر کنواری لڑکیاں سسک سسک کر دم توڑ دیتی ہیں۔ نکاح کی اس مبارک تقریب میں قاری شفیق الرحمٰن صاحب قاسمی خطیب عیدین، عید گاہ میرٹھ شہر، مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی صاحب (رکن اصلاح معاشرہ کمیٹی) صوبہ اتر پردیش، مولانا حسان ،قاضی دارالقضاء (پرسنل لا بورڈ) میرٹھ، محمد اویس، حاجی آصف، حاجی ہاشم ، محمد شعبان، محمد یوشع، اور بڑی تعداد میں معززین حضرات شریک رہے۔ مجلس کا اختتام حضرت مولانا محمد عبد اللہ مغیثی صاحب مدظلہ العالی کی رقت آمیز دعاء پر ہوا۔

سوشل میڈیا ڈیسک آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ