نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانی کے ساتھ وفد کی سطح پر بات چیت کی۔ بات چیت کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ میں آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانی کا ہندوستان میں خیرمقدم کرتا ہوں۔ گزشتہ سال دونوں ممالک نے وزرائے اعظم کی سطح پر سالانہ سربراہی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ سلسلہ وزیراعظم انتھونی البانی کے دورے سے شروع کیا جا رہا ہے۔ وہ ہولی کے دن ہندوستان پہنچے، اس کے بعد ہم نے کھیل کے میدان میں کچھ وقت ساتھ گزارا۔ رنگ، ثقافت اور کرکٹ کا پروگرام ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوستی کے جذبے کی بہترین علامت ہے وزیر اعظم نریندر مودی نے مزید کہا کہ آج ہم نے باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ دفاع کے شعبے میں، ہم نے گزشتہ چند سالوں میں قابل ذکر معاہدے کیے ہیں، جن میں ایک دوسرے کی فوجوں کے لیے لاجسٹک سپورٹ بھی شامل ہے۔ ہماری سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان معلومات کا باقاعدہ اور مفید تبادلہ بھی ہوتا ہے اور ہم نے اسے مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ آج ہم نے ایک قابل اعتماد اور مضبوط عالمی سپلائی چین تیار کرنے کے لیے باہمی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ہم کلین ہائیڈروجن اور سولر میں بھی مل کر کام کر رہے ہیں۔