کینبرا ۔ ٹیم انڈیا نے پرتھ ٹسٹ توجیت لیا ہے لیکن اب اسے ایک نئے چیلنج کا سامنا ہے۔ دراصل ہندوستانی ٹیم کو ایڈیلیڈ میں ڈے نائٹ ٹسٹ کھیلنا ہے، جس میں کھلاڑیوں کے پاس تجربہ بہت کم ہے۔6 دسمبر کو شروع ہونے والے اس میچ میں گلابی گیند کا سامنا کرنے کا چیلنج ہوگا۔ اس دوران روہت شرما کی ٹیم کو اسکاٹ بولانڈ کی شکل میں ایک اور بڑے چیلنج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ہیزل ووڈ کے زخمی ہوکر دوسرے ٹسٹ سے باہر ہونے کے بعد ان کی آسٹریلوی ٹیم میں واپسی تقریباً یقینی تصورکی جا رہی ہے۔ ایڈیلیڈ ٹسٹ سے قبل ہندوستان اور آسٹریلیا ئی ٹیم کی پرائم منسٹر الیون کے درمین دو روزہ ڈے نائٹ پریکٹس میچ کھیلا جارہا ہے لیکن بدقسمتی سے پہلا دن بارش کی نذر ہوگیا ۔ اس میں بولانڈ اپنی ٹیم کے پیس اٹیک کی قیادت کرتے نظر آئیں گے۔ وہ آسٹریلیا کی ٹیم کا بھی حصہ ہیں۔ اس وجہ سے یہ یقینی سمجھا جا رہا ہے کہ وہ دوسرے میچ میں کھیلیں گے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو وہ519 دن بعد ایک بار پھر ٹسٹ کرکٹ کھیلتے نظر آئیں گے۔ انہوں نے آخری ٹسٹ 6 جولائی 2023 کو کھیلا۔ 35 سالہ بولانڈ نے 2021 میں آسٹریلیا کے لیے ٹسٹ ڈیبیو کیا۔ اس کے بعد انہوں نے 10 میچ کھیلے جس میں انہوں نے شاندار بولنگ کی اور 20.34 کی بہترین اوسط سے 35 وکٹیں حاصل کیں۔ اس عرصے میں انہوں 2 سے بھی کم سے رنز فی اوور دئے ہیں ۔ اسکاٹ بولانڈ نے 2023 ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں بھی ہندوستان کے خلاف بولنگ کی۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 2 اور دوسری اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے اس میچ کی دونوں اننگز میں ویراٹ کوہلی کو آؤٹ کیا تھا۔ انہوں نے بارڈر ۔گواسکر ٹرافی کے آغاز سے قبل کے ایل راہول کو بھی خبردارکیا۔ بولانڈ نے کہا تھا کہ راہول کے خلاف اپنے ہی گراؤنڈ میں کھیلنے کا مزہ ہی الگ ہوگا۔گزشتہ سال ہندوستان کے دورے پر آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ آئے بولانڈ نے ایک ٹسٹ میچ میں راہول کو بولڈ کیا تھا۔ انہوں نے راہول کو ایک شاندار بیٹر قرار دیا تھا اور یہ بھی کہا تھا کہ وہ ایسے بیٹر ہیں جو آسٹریلوی گیند بازوں پر حاوی ہوسکتے ہیں۔ آسٹریلوی فاسٹ بولر نے انہیں اپنا ہدف قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ وہ اور ان کے ساتھی بولرس پوری سیریز کے دوران ایسا کرنے میں کامیاب رہیں گے۔