سڈنی ۔19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیون رابرٹس نے کہا ہے کہ پاکستان میں حالات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، پر امید ہیں کہ آسٹریلیائی ٹیم 2022 میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیون رابرٹس نے دو روز قبل سیکورٹی منیجر شان کیرل کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا تھا، انہیں اس موقع پر اسلام آباد میں تفصیلات فراہم کی گئیں تھیں۔ کیون رابرٹس نے آسٹریلیائی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ دورے کا مقصد پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنا تھا، اس کے علاوہ وہاں جا کر صورت حال کو سمجھنا بھی مقصد تھا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ دورے سے ہمیں پتہ چلا کہ سیکورٹی کے حوالے سے کیا منصوبے ہیں، اب ہمیں اپنی توقعات کا اظہار کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیزیں درست سمت میں چل رہی ہیں، پر امید ہیں کہ آسٹریلیائی ٹیم 2022 میں پاکستان کا دورہ کرے گی لیکن فیصلے میں جلد بازی نہیں کریں گے، ابھی وقت ہے اس لے صورت حال پر مشورے لیتے رہیں گے۔کیون رابرٹس نے کہا کہ سیکورٹی عہدیداروں کے ہمراہ ہم نے خود کو محفوظ سمجھا، مجھے امید ہے کہ ہم پاکستان کا دورہ کریں گے۔ آسٹریلیا کے پاکستان کے ساتھ تعلقات اچھے ہیں، پاکستان کی خواہش ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ مکمل طور پر پاکستان واپس آئے۔