آسٹریلیا دوسری اننگز میں 84/2، پاکستان پر 300 رنز کی برتری

   

بابر اعظم 21 رنز پر آؤٹ۔ پرتھ میں جاری پہلے ٹسٹ میں میزبانوں کا مضبوط موقف

پرتھ : آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف جاری پہلے ٹسٹ کے آج ہفتہ کو تیسرے روز کھیل کے اختتام پر اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ہے۔ دوسری اننگز میں میزبان ٹیم نے 84/2 بنائے اور اسے پاکستان پر 300 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ اس سے قبل مہمان ٹیم کے 271 رنز پر تمام کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے۔ دو میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹسٹ میں میزبان کپتان پیاٹ کمنز نے مہمانوں کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تیسرے روز کینگروز نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اسے پاکستانی فاسٹ بولرز کے خطرناک اسپل کے سبب مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسرے ہی اوور میں خرم شہزاد نے جارحانہ بیاٹر ڈیوڈ وارنر کو صفر پر چلتا کیا۔ مارنس لبوشین بھی خرم شہزاد کے وار نہ سہہ سکے اور 18 گیندوں پر صرف 2 رنز بنا کر وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے۔ اس کے بعد سینئر بیاٹر اسٹیون اسمتھ اور اوپنر عثمان خواجہ نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے 79 رنز کی ساجھے داری کے ساتھ میزبان ٹیم کے اسکور کو تیسرے روز کے اختتام پر 84/2 تک پہنچا دیا۔ خواجہ 34 اور اسمتھ 43 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 19 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس سے قبل پاکستان پہلی اننگز میں 271 رنز پر آؤٹ ہوگیا۔ اوپنر امام الحق 62، عبداللہ شفیق 42، کپتان شان مسعود 30، سعود شکیل 28، بابر اعظم 21، عامر جمال 10، فہیم اشرف 9، خرم شہزاد 7، شاہین آفریدی 4 اور سرفراز احمد 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ آغا سلمان 28 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ تیسرے روز پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا، محض ایک رن کے اضافے پر خرم شہزاد اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، کریز پر موجود امام الحق کا ساتھ دینے بابر اعظم میدان میں اترے۔ دونوں نے مل کر اسکور کو 181 رنز تک پہنچایا، تاہم بابر اعظم 21 رنز پر ہمت ہار بیٹھے اور مچل مارش کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔ آسٹریلیا کیلئے ناتھن لیون نے3، مچل اسٹارک اور کمنز نے 2، 2 جبکہ مچل مارش، ہیزل ووڈ اور ٹراویس ہیڈ نے ایک، ایک وکٹ لی۔ پاکستان نے دوسرے روز کے اختتام پر 132/2 بنائے تھے، اس سے قبل آسٹریلیا پہلی اننگز میں 487 پر آوٹ ہوا تھا۔