نئی دہلی ۔ ایک طرف آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز شروع ہوگئی ہے تو دوسری طرف ایک سچائی یہ بھی ہے کہ اس سیریز کے بعد ٹیم انڈیا کے چار بڑے کھلاڑیوں کا ٹسٹ کیریئر بھی ختم ہو سکتا ہے۔ ویراٹ کوہلی، روہت شرما، روی چندراشون اور رویندر جڈیجہ ممکنہ طور پر آخری بار ٹسٹ میں ٹیم انڈیا کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔ فی الحال یہ کھلاڑی پرتھ میں مصروف ہیں، وہیں دوسری جانب بی سی سی آئی نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے چیف سلیکٹر اجیت اگرکرکو آسٹریلیا میں روک دیا ہے۔ بی سی سی آئی کی جانب سے اجیت اگرکر کو روکنے کی وجہ مستقبل کے لیے منصوبے تیارکرنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اجیت اگرکرکو آسٹریلیا میں رہنے اور ہیڈکوچ گوتم گمبھیر کے ساتھ مستقبل کی تیاری کرنے کو کہا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹسٹ سیریز میں 0-3 سے شکست کے بعد ٹیم انڈیا پر تنقید کی جا رہی ہے اور اس کے پیش نظر بی سی سی آئی نے مستقبل کی حکمت عملی طے کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ دورہ آسٹریلیا کے بعد ہندوستانی ٹیم چمپئنز ٹرافی پر توجہ مرکوزکرے گی۔ آسٹریلیا سیریز کا نتیجہ بتائے گا کہ ٹیم انڈیا ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کھیلے گی یا نہیں۔ اگر ٹیم انڈیا باہر ہوتی ہے تو ان چاروں عظیم کھلاڑیوں کے لیے انگلینڈ کے خلاف اگلی ٹسٹ سیریز میں کھیلنا مشکل ہو جائے گا اور یہ فیصلہ کرنا ہے کہ انگلینڈ میں ان کی جگہ کون کھیلے گا۔ ٹیم انڈیا کو آسٹریلیا میں کسی بھی قیمت پر جیتنا ہے۔ ہندوستانی ٹیم پچھلے دو دوروں میں یہ کارنامہ انجام دے چکی ہے اور اب اس کے پاس ہیٹ ٹرک کرنے کا موقع ہے۔ تاہم مسئلہ یہ ہے کہ پہلا ٹسٹ جو پرتھ میں کھیلا جارہا ہے، ٹیم انڈیا وہاں اپنی بہترین پلیئنگ الیون کے ساتھ نہیں کھیل رہی ہے۔ روہت شرما پہلے ٹسٹ میں نہیں کھیل رہے ہیں ، اب دیکھنا یہ ہے کہ ٹیم انڈیا سیریزکا آغاز کیسے کرتی ہے۔