آسٹریلیا سیمی فائنل میں افغانستان کی امیدیں اگرمگرسے مشروط

   

لاہور: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے گروپ-بی کے ایک اہم مقابلے میں آسٹریلیا اور افغانستان کے درمیان میچ بارش کی نذر ہو گیا، جس کے بعد افغانستان کی سیمی فائنل تک رسائی مشکل ہو گئی ہے۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 274 رنز کا ہدف دیا تھا۔ تاہم بارش کے باعث کھیل 12.5 اوور کے بعد روک دیا گیا، جب آسٹریلیا ایک وکٹ کے نقصان پر 109 رنز بنا چکا تھا۔ اس کے بعد میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا اور پوائنٹس تقسیم کر دیے گئے، جس کے ساتھ ہی آسٹریلیا سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔افغانستان کے اب تین پوائنٹس ہیں اور سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اسے انگلینڈ کی جنوبی افریقہ کے خلاف بڑے مارجن سے جیت کی ضرورت ہے۔اگر جنوبی افریقی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 300 رنز بناتی ہے، تو انگلینڈ کو یہ ہدف 11.1 اوورز میں حاصل کرنا ہوگا۔ دوسری صورت میں اگر انگلینڈ پہلے بیٹنگ کرکے 300 رنز بناتا ہے، تو جنوبی افریقہ کو کم از کم 207 رنز سے ہارنا ہوگا، تبھی افغانستان سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے۔افغانستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات انتہائی کمزور ہیں، کیونکہ انگلینڈ کا اتنے بڑے مارجن سے جیتنا مشکل دکھائی دیتا ہے۔ افغان شائقین کے لیے اب واحد راستہ دعا ہی بچا ہے کہ کرکٹ میں کوئی بڑا اپ سیٹ دیکھنے کو ملے۔ اگر انگلینڈ ہفتے کو جنوبی افریقہ کو بھاری فرق سے ہراتا ہے تو افغانستان اور جنوبی افریقہ کے تین تین پوائنٹس ہو جائیں گے اور نیٹ رن ریٹ پر سیمی فائنل کا فیصلہ ہوگا۔ تاہم جنوبی افریقہ کا نیٹ رن ریٹ (+2.140) افغانستان (-0.990) سے کہیں بہتر ہے، جس کے باعث افغانستان کی امیدیں تقریباً دم توڑ چکی ہیں۔