ٹیریٹری : آسٹریلیا میں پولیس کا کہنا ہے کہ انسداد منشیات کی کارروائی میں 1600 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق اس کارروائی نے ملک میں غیر قانونی منشیات کی غیرمعمولی مانگ کو اجاگر کیا ہے۔ آسٹریلوی پولیس نے منگل کے روز کہا کہ انہوں نے ملک بھر میں منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ اور منظم جرائم سے نمٹنے کے لیے ایک بڑی کارروائی کی ہے، جس میں 1,600 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ کارروائی 19 اگست سے 23 اگست تک چلائی گئی ، جس میں پڑوسی ملک نیوزی لینڈ کی پولیس بھی شامل تھی۔ کارروائی میں شریک پولیس فورسز اور حکام نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ معاشرہ میں غیر قانونی منشیات کی موجودگی سڑک حادثات میں ہلاکتوں، خاندانی تشدد، قتل عام، فائرنگ اور دیگر پرتشدد جرائم کی صورت میں ظاہر ہوتے ہیں۔