آسٹریلیا میں آگ اور دھویں کے بعد شدید گرمی کی لہر کا اندیشہ

   

سڈنی ۔ 16 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ صحت، معیشت اور ماحولیات کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو رہی ہے جب کہ ماہرین موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ رواں ہفتے شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے جو اس قدر شدید ہوگا کہ درجہ حرارت کا اب تک کا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا۔سرکاری اعداد و شمار سے واضح ہوتا ہے کہ 2019 آسٹریلیا کے لیے خشک ترین سالوں میں سے ایک ہے۔آسٹریلیا میں نومبر کے پہلے ہفتے میں جنگلات میںلگنے والی آگ سے اب تک چھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 700 سے زائد مکانات تباہ اور کم ازکم 30 لاکھ ایکڑ اراضی پر پھیلے جنگلات جل کر راکھ ہو گئے ہیں۔ملک کے سب سے بڑے شہر سڈنی میں کئی ماہ قبل لگنے والی آگ اور دھویں نے شہر کو اب تک اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔پیر کو ڈاکٹرز کی جانب سے حکومت کو خبردار کیا گیا ہے کہ شہریوں کو صحت سے متعلق ہنگامی صورت حال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب کہ اموات کی شرح بھی بڑھ رہی ہے۔آگ کے سبب سڈنی کے شمال میں واقع تقریباً 20 مکانات جل کر راکھ ہو گئے۔ ادھر راتوں رات لگنے والی آگے نے پرتھ کے شہریوں کی بھی نیندیں اڑا دی ہیں۔خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ سانس کے مریضوں کی اوسطاً تعداد میں 48 فی صد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہ تعداد انتہائی ہولناک ہے۔