آسٹریلیا ونڈیز ٹی 20 سیریز ملتوی

   

میلبورن ۔کرکٹ آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیزکے خلاف رواں سال اکتوبر میں مجوزہ تین میچوں کی ٹوئنٹی20 سیریز غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی ہے جس سے آسٹریلیائی اور ونڈیز کھلاڑیوں کے آئی پی ایل میں مکمل طور پر کھیلنے کا راستہ صاف ہوگیا ہے ۔ یہ فیصلہ دونوں بورڈز کی بات چیت میں لیا گیا ۔ رواں سال اکتوبر کے شروع میں آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے مابین تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جانی تھی۔ یہ مقابلے 4 ،6 اور9 اکتوبر کو ہونے تھے ۔دونوں ممالک کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے بالکل پہلے ہونی تھی لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے آئی سی سی نے ٹورنمنٹ اگلے سال تک ملتوی کردیا۔آسٹریلیا اور ونڈیز کے مابین سیریز ملتوی ہونے سے براہ راست آئی پی ایل کو فائدہ ہوگا۔ آئی پی ایل کا13 واں سیزن19 ستمبر سے10 نومبر تک متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں منعقد ہونا ہے ۔ آسٹریلیا اور ونڈیز کے بیشترکھلاڑی آئی پی ایل میں حصہ لیتے ہیں اور ممکن ہے کہ دونوں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز ملتوی کرنے کی یہ ایک وجہ ہو۔اگرچہ آئی پی ایل کی کسی بھی دو طرفہ سیریز سے تصادم نہیں ہورہا ہے لیکن سری لنکا میں ہونے والی مجوزہ لنکا پریمیر لیگ کا آئی پی ایل سے ابتدائی تصادم ہوسکتا ہے ۔ لنکا پریمیر لیگ اگست کے تیسرے ہفتے میں شروع ہونی ہے اور 20 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگی۔سری لنکا کرکٹ نے کہا ہے کہ وہ لنکا پریمیر لیگ کی تاریخوں میں معمولی تبدیلی کرسکتی ہے تاکہ ٹورنمنٹ آئی پی ایل سے نہ ٹکرائے ۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ سری لنکا کے لستھ ملنگا ممبئی انڈینز اور اڈانا رائل چیلنجرز بنگلور کی طرف سے کھیلتے ہیں اور یہ دونوں آئی پی ایل کے معاہدہ کرنے والے کھلاڑی ہیں۔دریں اثنا آسٹریلیا کے محدود اوورزکیلئے انگلینڈ کے دورے کا بھی 15 ستمبر تک خاتمہ متوقع ہے ۔ اس طرح سے دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں حصہ لینے میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی اور آئی پی ایل کا کسی بھی سیریز سے تصادم نہیں ہوگا۔