آسٹریلیا کا دورہ بنگلہ دیش ، 5 ٹی 20 مقابلوں کی سیریز

   

ڈھاکہ: آسٹریلیا رواں سال کے آخر میں بنگلہ دیش کے دورے کے دوران مجموعی طور پر پانچ ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گا۔ شروع میں اسے تین ٹی 20 میچ کھیلنے تھے ۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے اس کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے مطابق پہلے نیوزی لینڈ کو تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے بنگلہ دیش کا دورہ کرنا تھا اور اس کے بعد آسٹریلیا کا دورہ تھا لیکن سفر کے پروگرام میں تبدیلی کے سبب اب آسٹریلیا پہلے دورہ کرے گا اور نیوزی لینڈ بعد میں۔ آسٹریلیائی ٹیم اپنے ویسٹ انڈیز دورے کے اختتام کے بعد اگست کی شروعات میں بنگلہ دیش پہنچے گی اور اس کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم یہاں آئے گی۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے کرکٹ آپریشنز کے صدر اکرم خان نے صحافیوں کو بتایا کہ جیسا کہ آپ جانتے ہی ہوں گے کہ آسٹریلیا اپنی تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کو پانچ میچوں تک کرنے پر رضامند ہوگیا ہے یہ آٹھ نو دن تک چلے گی۔ ہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے اچھی طرح سے تیار ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔سمجھا جارہا ہے کہ نیوزی لینڈ بھی بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تین کے بجائے پانچ میچ کھیلے گا۔اکرم نے کہا کہ بی سی بی ایشیا کپ کے ملتوی ہونے کے بعد جون کی خالی ونڈوکو کسی بین الاقوامی سیریز سے نہیں بھرنا چاہتا ہے ۔ بورڈ اس کی بجائے31 مئی سے ڈھاکہ پریمیر لیگ (ڈی پی ایل) کی میزبانی کرنا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا ہمارے پاس کافی مصروف شیڈول ہے ۔ سری لنکا کے خلاف موجودہ سیریز کے بعد ہمارے پاس کلب کرکٹ ہوگی۔ ہم زمبابوے جائیں گے اور اس کے بعد ہمیں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی میزبانی کرنی ہوگی۔ہمیں کھلاڑیوں کے بایو بلبل اور قرنطینہ کو بھی ذہن میں رکھنا ہوگا۔ بہت زیادہ کرکٹ کھیلنا ہمیشہ اچھا نہیں ہوتا ، لہذا ہمیں اس سیریز کے بعد اپنے شیڈول کے بارے میں سوچنا ہوگا۔