ملبورن ۔ کپتان اجنکیا رہانے کی 112 رنزکی شاندار اننگز کے بعد ہندوستانی ٹیم کے بولروں کی بہترین کارکردگی سے ہندوستان دوسرے ٹسٹ میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا کے خلاف کامیابی کی دہلیز پر پہنچ گیا ہے ۔ہندوستان کو پہلی اننگز میں 131 رنز کی برتری حاصل ہوئی اور اس کے بولروں نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تیسرے دن آسٹریلیا کی چھ وکٹیں محض 133 رنز پر گرادیں۔ آسٹریلیا کوفی الحال صرف دو رنزکی برتری حاصل ہے جبکہ اس کے چار وکٹ ابھی باقی ہیں۔ میچ کے چوتھے دن ہندوستان کو سیریز میں برابری حاصل کرنے کا سنہرا موقع ملے گا۔گذشتہ دورہ کے موقع پر ملبورن میں باکسنگ ڈے ٹسٹ میں بھی ہندوستان نے آسٹریلیا کو137 رنز سے شکست دی تھی۔ ہندوستان کو پہلی اننگز میں 326 کے اسکور پر آل آوٹ کرنے کے بعد اپنی دوسری اننگز میں بیٹنگ کرنے اتری آسٹریلیا کی ٹیم کی شروعات خاص نہیں رہی اورمہمان فاسٹ بولر امیش یادو نے چوتھے اوور کی پہلی گیند پر اوپنر جوبرنس کو وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ آوٹ کراکر میزبان ٹیم کو پہلا جھٹکا دیا۔ آسٹریلیا نے ری ویو لیا لیکن جوبرنس آوٹ قرار دیئے ۔ برنس دس گیندوں میں چار رن بناکر پویلین چلے گئے ۔ اس کے بعد تین نمبر پر مارنس لابوشین نے میتھیو ویڈ کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن 18 ویں اوور میں اشون کی گیند پر سلپ میں رہانے کو ایک آسان کیچ دے بیٹھے ۔ آسٹریلیا کا 42 رنز کے اسکور پر لابوشین کی شکل میں دوسرا وکٹ گرا ۔لابوشین نے 49 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 28 رنز بنائے ۔ ویڈ اور لابوشین کے بیچ دوسرے وکٹ کے لئے 38 رنز کی رفاقت ہوئی۔ آسٹریلیا کے اہم بیٹسمین اسٹیون اسمتھ اس مرتبہ بھی کچھ خاص نہیں کرسکے اور بمراہ نے آٹھ رن کے اسکور پر انہیں پویلین کا راستہ دکھایا۔ اس طرح33 ویں اوور میں73 رن کے اسکور آسٹریلیا کو تیسرا دھکا لگا۔ آسٹریلیا کی اننگز کچھ حدتک سنبھلی ہی تھی کہ جڈیجہ نے میتھیو ویڈ کو ایل بی ڈبلیو کرکے میزبان ٹیم کا چوتھا وکٹ حاصل کیا۔ ویڈ نے137 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے تین چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے ۔ اس کے بعد فاسٹ بولر محمدسراج نے اننگز کی پہلی گیند پر ٹریوس ہیڈ کو مینک کے ہاتھوں دوسرے سلپ میں کیچ کراکر آسٹریلیا کو پانچواں جھٹکا دیا۔ ہیڈ نے 46 گیندوں میں17 رنز بنائے ۔اس کے بعد ساتویں نمبر پر کپتان ٹم پین کو جڈیجہ نے پنت کے ہاتھوں کیچ آوٹ کراکر آسٹریلیا کو چھٹا وکٹ گرایا۔ پین صرف ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے ۔ میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک آسٹریلیا چھ وکٹ کے نقصان پر 133 رن بناچکی ہے جبکہ کیمرون گرین 17 رن اور پیٹ کمنس 15 رن بناکر کریز پر موجود ہیں۔ہندوستان کی طرف سے جڈیجہ نے25 رنز پردو وکٹ، بمراہ نے34 رنز پر ایک وکٹ، اشون نے 46 رنز پر ایک وکٹ، امیش نے پانچ رن پر ایک وکٹ اور سراج نے 23 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں195 رن بنائے تھے ۔اس سے قبل کپتان اجنکیا رہانے (112) کی شاندار سنچری اور رویندر جڈیجہ(57) کی نصف سنچری اننگز کی بدولت ہندوستان نے پہلی اننگز میں 326 رن بنائے اور 131 رن کی اہم سبقت حاصل کرلی۔ رہانے نے 223 گیندوں میں 12 چوکوں کی مدد سے بہترین 112 رنز بنائے ۔ یہ رہانے کے کیریر کی 12 ویں اور بطور کپتان پہلی سنچری ہے ۔