آسٹریلیا کے نواحی علاقہ میں ہزاروں گیلن پانی کا سرقہ

   

سڈنی ۔ 19 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی پولیس ایسے سارقین کو تلاش کررہی ہے جنہوں نے سونا چاندی، روپئے پیسے یا زیورات نہیں بلکہ 79000 گیلن پانی چرایا ہے۔ یاد رہیکہ اس وقت ملک کا مشرقی علاقہ شدید خشک سالی کا سامنا کررہا ہے۔ یہ واقعہ ایوانس پلینس میں رونما ہوا جو یہاں کے نواحی علاقوں میں واقع ہے اور وہاں موجود ایک طویل و عریض علاقہ کی پائپ لائن سے پانی کی بڑی مقدار کا سرقہ کرلیا گیا جس کا ذخیرہ بڑے بڑے ٹینکوں میں کیا جاتا ہے۔ سارقین نے ٹینکوں سے پانی نکال لیا جس کا پتہ اتوار کے روز چلا۔ پولیس اب ایسے لوگوں کی تلاش میں ہے جنہوں نے بڑے بڑے ٹرکوں کو اس طویل وعریض علاقہ سے نکلتا دیکھا ہوتا کہ ان سے پوری تفصیلات حاصل کی جاسکے۔