آسیان کسی بھی ملک کا پراکسی نہیں بنے گا: انڈونیشیا

   

جکارتا: انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدوڈو نے خبردار کیا ہے کہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کسی بھی ملک کا پراکسی نہیں بن سکتا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایشیا پیسیفک میں امریکہ اور چین کے درمیان حالیہ کشیدگی پر آسیان کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے خطاب میں انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدوڈو نے کہا کہ تنظیم کسی بھی ایک ملک کے لیے پراکسی نہیں بن سکتی۔ بین الاقوامی قانون کا مسلسل احترام کیا جانا چاہیے۔اجلاس میں چین اور امریکہ نے بھی شرکت کی۔ یہ اجلاس جنوبی بحیرہ چین، میانمار اور تائیوان تنازعہ کے ممکنہ حل کے تلاش کے لیے ہو رہا ہے۔ جنوبی بحیرہ چین آبی گزرگاہ پر اختلافات نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم کے کچھ رکن ممالک کو چین کے خلاف کھڑا کر دیا ہے، جس سے امریکی مخالفت کے لیے ہمدردی کو بڑھاوا ملا ہے جب کہ ایک گروپ چین کی حمایت میں امریکہ کو قصور وار ٹھہراتا ہے۔