آصف آباد میں گدھ کی نقل مکانی

   


محکمہ جنگلات اور ماحولیات کے جہدکاروں میں خوشی کی لہر
حیدرآباد۔یکم۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز ) 2019میں گئے گدھ اب تلنگانہ میں واپس واپس ہونے لگے ہیں‘ 2019ہوئی شدید بارش کے دوران نندی گاؤں میں گدھ کے گھونسلے منہدم ہونے کے بعد ریاست تلنگانہ کے ضلعآصف آباد میں موجود گدھ نقل مکانی کرتے ہوئے پڑوسی ریاست مہاراشٹراکے علاقہ گڈچرولی چلے گئے تھے لیکن گذشتہ دنوں ہندستانی گدھ کے تین جوڑے ضلع کمرم بھیم آصف آباد کے علاقہ نندی گاؤں میں دیکھے گئے جس کے ساتھ ہی محکمہ جنگلات اور ماحولیات کے تحفظ کے لئے جدوجہد کرنے والوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔بارش کے سبب گھونسلے منہدم ہونے کے بعد 20گدھ اور 10چھوٹے گدھ پرندے اس مقام سے نقل مکانی پر مجبور ہوئے تھے جو کہ گڈچرولی میں تیار کی گئی گدھ کی سینچیوری پہنچے تھے اور تین سال تک انہوں نے تلنگانہ کا رخ نہیں کیا تھا لیکن اب وہ واپس ہونے لگے ہیں۔محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے بتایا کہ گدھ نظر آنے کے بعد علاقہ میں ان کے تحفظ کے لئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں جن میں ان کے لئے وافر غذاء کی فراہمی کے علاوہ پرسکون ماحول تیار کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ ان کی نشونما ممکن ہوسکے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ڈسمبر گدھ کی افزائش نسل کا مہینہ ہوتا ہے اسی لئے محکمہ جنگلات کی جانب سے اس نادر پرندے کی افزائش اور اسے تحفظ فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ ان کی افزائش نسل میں کسی قسم کا خلل نہ ہو۔ ماحولیات کے تحفظ کے لئے سرگرم جہدکاروں اور ماہرین کا کہناہے کہ گدھ ماحولیاتی نظام کے تحفظ میں کلیدی کردار کے حامل ہوتے ہیں اور وہ اکثر پہاڑی علاقوں میں پائے جاتے ہیں۔ماحولیات کے تحفظ کے لئے گدھ کی نشونما کو یقینی بناتے ہوئے صفائی کے نظام کو بہتر بنایاجاسکتا ہے کیونکہ گدھ مردار کو اپنی غذاء بناتے ہوئے ماحولیات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔م