آصف ثامن مکرم جاہ کے کارناموں کی یاد میںیادگار تعمیر کی جائے

   

کانگریس قائدین ریونت ریڈی، محمد علی شبیر اور دوسروں کا مکرم جاہ بہادر کو خراج
حیدرآباد۔/18جنوری، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے آصف ثامن نواب میر برکت علی خاں مکرم جاہ بہادر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حیدرآباد میں ان کی ایک یادگار تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر کے ہمراہ کانگریس قائدین کے وفد نے چومحلہ پیالیس خلوت پہنچ کر آصف ثامن کی میت پر پھولوں کی چادر پیش کی۔ ریونت ریڈی اور محمد علی شبیر کچھ دیر تک میت کے پاس بطور احترام خاموش کھڑے رہے اور پھر مکرم جاہ بہادر کے فرزند پرنس عظمت جاہ اور دیگر افراد خاندان سے ملاقات کی۔ ٹرسٹی نظام ٹرسٹ فیض خاں اور دیگر عہدیداروں نے کانگریس قائدین کا خانوادہ آصفیہ سے تعارف کرایا۔ اس موقع پر سینئر قائدین ڈاکٹر ملوروی، ظفر جاوید،انیل کمار یادو، صدر حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی سمیر ولی اللہ، محمد فیروز خاں، سید نظام الدین، عثمان خاں، واجد حسین اور دیگر اقلیتی قائدین موجود تھے۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ آصف جاہی حکمرانوں نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کئی اقدامات کئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام خاص طور پر سابق ریاست حیدرآباد کے باشندے آصف جاہی سلاطین کی عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کو چاہیئے کہ وہ آصف جاہی سلاطین کی یاد میں حیدرآباد میں ایک یادگار تعمیر کریں تاکہ ان کی فلاحی اور عوامی خدمات سے عوام کو واقف کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ صرف سرکاری اعزازات کے ساتھ تدفین کافی نہیں ہے۔ آصف جاہی خاندان کو صحیح معنوں میں خراج یادگار کی تعمیر کے ذریعہ ہوسکتا ہے۔ سابق وزیر محمد علی شبیر نے کہا کہ آصف سابع نے تعلیم اور صحت کے شعبہ جات پر خصوصی توجہ دی تھی۔ عثمانیہ یونیورسٹی کے علاوہ کئی دواخانے قائم کئے گئے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو بہتر تعلیم کی فراہمی اور حکومت کی سطح پر علاج کی سہولتیں فراہم کی گئی تھیں۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ ہر مرض کیلئے نظام حیدرآباد نے ایک مخصوص ہاسپٹل قائم کیا تھا جن میں کینسر، ٹی بی اور ہڈیوں کے عوارض کے ہاسپٹلس شامل ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ اسمبلی میں مباحث کے ذریعہ حیدرآباد میں یادگار کی تعمیر کا فیصلہ کیا جائے ۔ر