آلودگی کے خلاف مہم میں تعاون کریں:گوپال رائے

   

نئی دہلی : دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے آج دہلی کے باشندوں سے اپیل کی کہ وہ گاڑیوں کی آلودگی کو کم کرنے کے لیے دہلی حکومت کی جانب سے چلائی جارہی‘ریڈ لائٹ آن ، وہیکل آف’ مہم میں بڑھ چڑھ کر تعاون کریں۔مسٹر رائے نے کہا کہ جب حکومت اور سماج دونوں مل کر لڑیں گے تب ہی ہم دہلی میں آلودگی کے خلاف جنگ جیت سکیں گے ۔ اگر دہلی کے دو کروڑ لوگ اس عظیم مہم میں ذمہ داری سے حصہ لیں، تو دہلی میں گاڑیوں کی آلودگی میں 15 سے 20 فیصد تک کمی آسکتی ہے ۔ ساتھ ہی 21 اکتوبر کو دہلی کے تمام اراکین اسمبلی چندگی رام اکھاڑا کے قریب ‘ریڈ لائٹ آن ، وہیکل آف’ مہم کے تحت لوگوں کو بیداری لائیں گے ۔دہلی حکومت نے گاڑیوں کی آلودگی کو کم کرنے کے مقصد سے دہلی میں ‘ریڈ لائٹ آن ، وہیکل آف’ مہم شروع کی ہے ۔ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی طرف سے ‘جنگ آلودگی کے خلاف’ مہم کے تحت شروع کی گئی اس مہم میں دہلی کے 100 بڑے چوراہوں پر تعینات ماحولیاتی مارشل پلے کارڈ کے ذریعے ڈرائیوروں کو آگاہ کر رہے ہیں۔