نئی دہلی : دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں آج بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کا پہلا نمبر ہے۔ عالمی ویب سائٹ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق نئی دہلی 207 پرٹیکیولیٹ میٹرز فضائی آلودگی کے ساتھ دنیا کا آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر ہے۔ اس فہرست میں پاکستان کا دوسرا بڑا شہر لاہور 188 پرٹیکیولیٹ میٹرز فضائی آلودگی کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ دوسری طرف ہوا کا معیار معمول سے نیچے گرنے کی وجہ سے نویں جماعت سے تمام اسکولوں میں ہائبرڈ تعلیم پر منتقل ہونے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق دہلی میں ہوا کے معیار کا انڈیکس 396 تک بڑھنے اور خطرناک سطح پر پہنچنے کے بعد محکمہ تعلیم نے سرکاری اور خانگی اسکولوں میں آن لائن کلاسوں کی ہدایت دی ہے۔ اس کے علاوہ شہر میں غیر ضروری تعمیراتی کاموں کو روک دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ پرالی جلانے اور دیوالی کے دوران پٹاخوں کے استعمال سے دہلی کی آلودگی میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ علاوہ ازیں شدید سرما میں جب دھند چھا جاتی ہے تو نہ صرف سانس لینا مشکل ہو جاتا ہے بلکہ گاڑی چلانے کے لئے بھی خطرہ کا سامنا ہوتا ہے۔