ایڈیلیڈ ۔ پرتھ ٹسٹ صرف4 دن میں ہارنے والی آسٹریلوی ٹیم نے ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے پنک بال ٹسٹ کے لیے ٹیم میں تبدیلی کی ہے۔ انہوں نے آل راؤنڈر بیو ویبسٹرکو ٹیم میں جگہ دی ہے۔ مچل مارش کے زخمی ہونے کے پیش نظر تسمانیہ کے اس کھلاڑی کو ایڈیلیڈ ٹسٹ کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ بیو ویبسٹرکو ان کی حالیہ فارم اور انڈیا اے کے خلاف میچ میں کارکردگی کی وجہ سے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ بیو ویبسٹر نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 12 سنچریوں کی مدد سے 5297 رنز بنائے ہیں۔ اس عرصے کے دوران ان کی بیٹنگ اوسط 37 سے زیادہ رہی ہے۔ گیند کے ساتھ انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں148 وکٹیں اپنے نام کرلیں۔ ویبسٹر نے انڈیا اے کے خلاف کھیلے گئے پریکٹس میچ میں بھی شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ 2 میچوں کی 4 اننگز میں انہوں نے ایک نصف سنچری کے ساتھ 150 سے زائد رنز بنائے اور7 وکٹیں حاصل کیں۔ بیو ویبسٹر نے 24 نومبر کو نیو ساؤتھ ویلز کے خلاف میچ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس میچ میں انہوں نے تسمانیہ کی 55 رنز کی فتح میں گیند اور بیٹ دونوں سے اہم کردار ادا کیا۔ ویبسٹر نے دونوں اننگز میں بیٹنگ سے 110 رنزبنائے۔ انہوں نے اسی مقابلے میں5 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی موجودہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم مینجمنٹ نے انہیں مارش کے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔