آمدو رفت پر مکمل پابندی کے باوجود سفری تفصیلات کی طلبی

   

دواخانہ سے رجوع ہونے پر رابطوں کے بارے میں سوالات کی شکایات عام
حیدرآباد۔26اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ میں علامات پائے جانے کے بعد بھی مریضوں کے معائنہ کیلئے ان کی ٹراویل ہسٹری اور ان کے بنیادی کنٹاکٹ کے متعلق دریافت کیا جا رہاہے۔ملک بھر میں آمد و رفت بند ہوئے ایک ماہ کا عرصہ گذر چکا ہے اور اس کے باوجود محکمہ صحت کے عہدیداروں کی جانب سے سفری تفصیلات دریافت کیا جانا ناقابل فہم ہے اور اس کے علاوہ جب تک مصدقہ بنیادی کنٹاکٹ موجود نہ ہو معائنہ نہ کیا جانا بھی سمجھ سے باہر ہے جبکہ کنگ کوٹھی دواخانہ سے رجوع ہونے والی مریضہ نے کورونا وائرس کے مشتبہ علامات کی از خود توثیق کرتے ہوئے اپنے طور پر کنگ کوٹھی دواخانہ پہنچی ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے شہر کے میڈیکل اسٹورس سے سردی ‘ کھانسی اور بخار کی ادوایات خریدنے والوں کی تفصیلات جمع کرنے کی ہدایات دی جا رہی ہیں اور جو لوگ سردی ‘ کھانسی‘ بخار اور دیگر علامات کے ساتھ دواخانہ سے رجوع ہورہے ہیں انہیں آئینٹی بائیوٹیک ادویات دیتے ہوئے روانہ کیا جا رہاہے۔ شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ایک صحافی نے اپنے ٹوئیٹر کے ذریعہ تمام تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ شہر حیدرآباد میں موجود کنگ کوٹھی دواخانہ سے رجوع ہونے پر انہیں صرف آئنٹی بائیوٹیک ادویات تجویز کرتے ہوئے روانہ کردیا گیا اور معائنہ کے لئے پرائمری کنٹاکٹ یا ٹراویل ہسٹری کے لئے استفسار کیا گیا جو کہ ناقابل فہم ہے۔انہو ںنے بتایا کہ انہیں ابتدائی طور پر بخار آیا اور اس کے بعد سر دردپھر کھانسی اور سردی کی شروعات ہوگئی لیکن اب ان سونگھنے اور چکھنے کی صلاحیت بھی ختم ہوچکی ہے لیکن اس کے باوجود بھی ڈاکٹرس کی جانب سے صرف گھر میں رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے معائنہ نہ کرنا اور آئینٹی بائیوٹیک ادویات تجویز کرتے ہوئے روانہ کردیا جانا تکلیف دہ ہے کیونکہ ایسا کرتے ہوئے ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ریاست میں اب تک کوئی معاشرتی پھیلائو ریکارڈ نہیں کیا جا رہاہے اور حکومت اس دعوی کو برقرار رکھنے کیلئے معائنوں سے اجتناب کر رہی ہے! انہو ںنے بتایا کہ وہ ڈاکٹرس سے مشاورت اور ادیات کے تجویز کئے جانے کے بعد از خود قرنطینہ میں ہیں اور گھریلو قرنطینہ کے دوران وہ اپنے شوہر اور بچہ سے بھی دوری بنائے ہوئے ہیں۔