حیدرآباد: کانگریس پارٹی کی جانب سے سابق سی ایل پی لیڈر آنجہانی پی جناردھن ریڈی کو برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے خیریت آباد میں جناردھن ریڈی کے مجسمہ پر پھول نچھاور کرتے ہوئے عوامی خدمات کی یاد تازہ کی ۔ اس موقع پر پی ہنمنت راؤ ، پونالہ لکشمیا ، جی نرنجن اور سابق رکن اسمبلی وشنو وردھن ریڈی موجود تھے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی کے لئے پی جے آر کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ انہوں نے حیدرآباد کو پینے کے پانی کی سربراہی کے لئے غیر معمولی جدوجہد کی تھی ۔ غریب ، کمزور طبقات اور محنت کش طبقہ کے دلوں میں پی جے آر ہمیشہ زندہ رہیں گے ۔ اتم کمار ریڈی نے امید ظاہر کی کہ ان کے فرزند وشنو وردھن ریڈی والد کی طرح عوامی خدمات کا ریکارڈ قائم کریں گے ۔ ہنمنت راؤ اور دیگر قائدین نے بھی پی جناردھن ریڈی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جناردھن ریڈی کی زندگی عوامی خدمات کے لئے وقف ہوچکی تھی ۔
