چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے سب سے پہلے حلف لیا، آج اسپیکر اسمبلی کا رسمی انتخاب
حیدرآباد 21 جون (سیاست نیوز) آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی کا دو روزہ اجلاس آج سے امراوتی میں شروع ہوا۔ اسمبلی انتخابات کے بعد نومنتخب ارکان کو حلف دلانے کے لئے یہ اجلاس طلب کیا گیا تھا۔ پروٹم اسپیکر جی بچیا چودھری نے نومنتخب ارکان کو رکنیت اور قواعد پر پابندی کا حلف دلایا۔ صبح 9.45 بجے ایوان کی کارروائی شروع ہوئی اور سب سے پہلے قائد ایوان چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو کا نام پکارا گیا۔ چندرابابو نائیڈو نے ارکان اسمبلی کے خیرمقدم اور تالیوں کی گونج میں اسمبلی کی رکنیت اور قواعد کی پابندی کا حلف لیا۔ اُنھوں نے تلگو میں خدا کے نام پر حلف لیا اور خاص بات یہ تھی کہ حلف برداری کے الفاظ ادا کرتے ہوئے چیف منسٹر نے اپنا دایاں ہاتھ حلف برداری کے انداز میں فضاء میں رکھا۔ چیف منسٹر کے بعد ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان نے حلف لیا۔ بعد میں ریاستی وزراء کی حلف برداری کی باری آئی۔ ریاستی وزراء اچن نائیڈو، پی انیتا، نارا لوکیش، این راما نائیڈو، ٹی کیشو، این منوہر، ٹی جی بھرت، ڈی بالا ویرانجنئے سوامی، بی سی جناردھن ریڈی، سویتا، جی سندھیا رانی، کے درگیش، این محمد فاروق اور دوسروں نے حلف لیا۔ ریاستی وزراء کے بعد حرف تہجی کے حساب سے ارکان اسمبلی نے رکنیت کا حلف لیا۔ قائد اپوزیشن وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ اجلاس میں شرکت کی اور اسمبلی کی رکنیت کا حلف لیا۔ اِسی دوران برسر اقتدار محاذ کی جانب سے اسپیکر کے عہدہ کے لئے سی ایچ اینا پاتروڈو کا پرچہ نامزدگی داخل کیا گیا۔ نارا لوکیش، پون کلیان، اچن نائیڈو، این منوہر اور پی کیشو نے ریٹرننگ آفیسر کو پرچہ نامزدگی حوالے کیا۔ پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کی مہلت آج ختم ہوگئی اور کل 22 جون کو 11 بجے دن ایوان میں اسپیکر کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔ اپوزیشن کی جانب سے امیدوار کھڑا کئے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے لہذا پروٹم اسپیکر بچیا چودھری 11 بجے دن اینا پاتروڈو کے بحیثیت اسپیکر انتخاب کا اعلان کریں گے۔ ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے پون کلیان کی جانب سے امیدوار کے نام کا اعلان باقی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اجلاس کے پہلے دن 3 ارکان غیر حاضر رہے، اُنھیں کل دوسرے دن حلف دلایا جائے گا جس کے بعد اسپیکر کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ حکومت نے اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے سلسلہ میں تاریخوں کا تعین نہیں کیا ہے۔ 1